وزیرِاعظم شہباز شریف کا گلگت کا دورہ، سیلاب متاثرین سے ملاقات اور امدادی رقوم کی تقسیم

وزیرِاعظم شہباز شریف کا گلگت کا دورہ، سیلاب متاثرین سے ملاقات اور امدادی رقوم کی تقسیم

گلگت: وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف ایک روزہ دورے پر گلگت پہنچ گئے جہاں گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ اور وزیرِ اعلیٰ گلبر خان نے ان کا استقبال کیا۔

سیلابی صورتحال پر بریفنگ
وزیر اعظم آفس کے مطابق گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے وزیرِ اعظم کو حالیہ بارشوں سے پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال اور نقصانات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ ملاقات میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور امن و امان کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر اعظم اور گورنر نے بارشوں اور سیلاب میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لیے دعا بھی کی۔

وفد میں شامل وزراء
وزیرِ اعظم کے ہمراہ وزیرِ مواصلات عبدالعلیم خان، وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وزیرِ امور برائے کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام، وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک، مشیر وزیرِ اعظم رانا ثناء اللہ اور وزیرِ اعظم کے کوآرڈینیٹر شبیر عثمانی بھی موجود ہیں۔

سیلاب متاثرین سے ملاقات
وزیر اعظم گلگت میں بارشوں و سیلاب کے متاثرین سے ملاقات کریں گے اور انہیں امدادی رقوم فراہم کریں گے۔ مزید برآں، وزیر اعظم کو گلگت بلتستان میں بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے نقصانات کے حوالے سے جامع بریفنگ بھی دی جائے گی، جبکہ وہ گورنر اور وزیرِ اعلیٰ گلگت بلتستان سے الگ ملاقاتیں بھی کریں گے۔