آزاد کشمیر میں انجینئرڈ انتخابات سے حالات مزید خراب ہوں گے: لیاقت بلوچ

آزاد کشمیر میں انجینئرڈ انتخابات سے حالات مزید خراب ہوں گے: لیاقت بلوچ

لاہور: جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر لیاقت بلوچ نے آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی نے انتخابات کو متنازع بنا کر کشمیری عوام کے زخموں کو مزید گہرا کر دیا ہے۔

اپنے بیان میں لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی ہائبرڈ نظام کا حصہ ہیں اور دونوں اتحادی جماعتیں ایک دوسرے پر دھاندلی کے الزامات لگا کر عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔ ان کے مطابق ایسے الزامات سے انتخابی عمل پر عوام کا اعتماد مزید متاثر ہوگا۔انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں کنٹرولڈ، ہائبرڈ اور انجینئرڈ انتخابات خطے کے سیاسی حالات کو مزید خراب کریں گے اور عوام میں بے چینی کو فروغ دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ آزاد، شفاف اور غیرجانبدار انتخابات ہی عوام کے اعتماد کی بحالی اور سیاسی استحکام کی ضمانت بن سکتے ہیں۔لیاقت بلوچ نے راولاکوٹ کی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی سے مذاکرات ہی موجودہ بحران کا پائیدار حل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی خطے میں امن، استحکام اور مسائل کے حل کے لیے مذاکرات اور ثالثی کی اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تمام فریقین کو کشیدگی بڑھانے کے بجائے بات چیت کا راستہ اختیار کرنا چاہیے تاکہ آزاد کشمیر میں سیاسی استحکام، عوامی اعتماد اور امن و امان کو یقینی بنایا جا سکے۔