ویب ڈیسک: نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان، لیاقت بلوچ نے اعلان کیا ہے کہ جماعت اسلامی 14 اپریل کو بلوچستان میں ایک قومی کانفرنس کی میزبانی کرے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں ریاستی بے تدبیری کی وجہ سے حالات مزید خراب ہو رہے ہیں اور اس کا حالیہ مظہر سانحہ جعفر ایکسپریس ہے، جس نے صورتحال کو مزید پیچیدہ کر دیا ہے۔لیاقت بلوچ نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت نے چینی مافیا کو 53 ارب روپے کی مراعات فراہم کی ہیں، جو ایک سنگین مسئلہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سولر بجلی کی پالیسی کی صورتحال بھی غیر واضح ہے اور وزیراعظم کو چاہیے کہ وہ اس پر ابہام پیدا کرنے والے افراد کی نشاندہی کریں۔نائب امیر جماعت اسلامی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے پیٹرول، ڈیزل اور گیس کی قیمتوں میں کمی کرے اور تیل، بجلی اور گیس کی قیمتوں پر قابو پائے تاکہ عوام کو مہنگائی کی مار سے نجات مل سکے۔