لاہور: جماعت اسلامی نے بلوچستان، خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر کی موجودہ صورتحال پر قومی کانفرنس بلانے کا مطالبہ کردیا۔
نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وزیراعظم کو بلوچستان، خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر کی صورتحال پر بلا تاخیر قومی کانفرنس بلانی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں جاری سیاسی بحرانوں کا خاتمہ اب قومی مطالبہ بن چکا ہے۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ ملک کو درپیش سیاسی اور علاقائی مسائل کے حل کے لیے تمام سیاسی قوتوں کو اعتماد میں لینا ضروری ہے۔ ان کے مطابق قومی سطح پر مشاورت کے ذریعے موجودہ بحرانوں کا حل تلاش کیا جانا چاہیے۔جماعت اسلامی کے نائب امیر نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان ہونے والے دفاعی معاہدے پر بھی اظہارِ خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ تینوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون اسلام دشمن قوتوں کے عزائم کے لیے ایک بڑا دھچکا ہے۔لیاقت بلوچ نے تینوں ممالک کے وزرائے خارجہ کی جانب سے مکہ دفاعی معاہدے کے حوالے سے وضاحتی بیان کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس اہم معاہدے کے حوالے سے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں ارکان کو مکمل طور پر آگاہ کیا جانا چاہیے۔
انہوں نے تجویز دی کہ دفاعی معاہدے کے معاملے پر پارلیمنٹ کا ان کیمرہ اجلاس بھی بلایا جا سکتا ہے، جس میں معاہدے کی تفصیلات اور اس سے متعلق تمام تحفظات و اعتراضات پر ارکان کو بریفنگ دی جائے۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ قومی اہمیت کے معاملات پر پارلیمنٹ اور تمام سیاسی قوتوں کو اعتماد میں لے کر فیصلے کیے جانے چاہئیں تاکہ ملک میں سیاسی استحکام اور قومی یکجہتی کو فروغ دیا جاسکے۔