ویب ڈیسک: ملک بھر میں جاری مون سون بارشوں کے باعث دریاؤں اور ندی نالوں میں طغیانی کا الرٹ جاری کر دیا گیا۔
دریائے راوی، جہلم، ستلج اور چناب کے بہاؤ میں نمایاں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
دریائے سندھ میں سیلابی صورتحال
فلڈ کنٹرول حکام کے مطابق دریائے سندھ میں تربیلا، کالا باغ اور چشمہ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے جبکہ گڈو بیراج پر پانی کی سطح بلند ہوگئی ہے۔ ایک بڑا سیلابی ریلہ ڈی جی خان کی حدود میں داخل ہوگیا۔
چناب اور سندھ میں دیہات زیر آب
جھنگ: دریائے چناب میں طغیانی کے باعث 10 سے زائد دیہات زیر آب آگئے، فصلیں اور آبادی متاثر، رابطہ سڑکیں ڈوب گئیں۔
حافظ آباد: دریائے چناب کے اطراف کٹاؤ میں اضافہ ہو گیا۔
تونسہ شریف: دریائے سندھ میں سیلابی صورتحال برقرار، زرعی اراضی دریا برد ہوگئی۔
سیہون اور بھکر میں صورتحال تشویشناک
سیہون شریف: کچے کے علاقے میں 10 روز سے سیلابی صورتحال، تین یونین کونسلز کے متعدد دیہات کا شہروں سے زمینی رابطہ منقطع ہوگیا۔
بھکر: دریائے سندھ میں طغیانی سے فصلوں کو نقصان پہنچا۔
میانوالی: تحصیل عیسیٰ خیل کے متعدد علاقے زیر آب آگئے۔
بابو سر سانحہ: اینکر سمیت کئی افراد لاپتہ
بابوسر کے مقام پر حالیہ لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب میں متعدد سیاح لاپتہ ہوئے، جن میں نجی ٹی وی کی اینکر شبانہ لیاقت بھی شامل ہیں۔ سرچ آپریشن کے دوران ان کا پرس اور شناختی کارڈ ملبے سے برآمد ہوا، جبکہ ان کی تلاش جاری ہے۔