پاکستان میں مون سون کی بارشیں، کئی علاقوں میں سیلابی خطرات اور موسلادھار بارشیں

پاکستان میں مون سون کی بارشیں، کئی علاقوں میں سیلابی خطرات اور موسلادھار بارشیں

محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب اور خیبر پختونخوا میں آج سے مون سون کی بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہو گیا ہے، جس کے دوران آئندہ 2 سے 4 گھنٹوں میں مختلف علاقوں میں بارش متوقع ہے۔

پنجاب کے اضلاع منگلا، ٹوبہ ٹیک سنگھ، فیصل آباد، جہلم، وزیر آباد، منڈی بہاؤ الدین، قصور، شیخوپورہ سمیت دیگر علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔ خیبر پختونخوا کے اضلاع پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، ٹانک، لکی مروت اور وزیرستان میں بھی بارش متوقع ہے۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ بعض علاقوں میں موسلادھار بارش بھی ہو سکتی ہے، جس سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔لاہور میں وقفے وقفے سے ہلکی اور تیز بارش جاری رہی۔ سبزہ زار، وحدت روڈ اور علامہ اقبال ٹاؤن میں تیز بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ ملتان روڈ، جوہر ٹاؤن، سمن آباد، شاہدرہ ٹاؤن، فرخ آباد، شفیق آباد، طلعت پارک، بادامی باغ اور آزادی چوک کے اطراف میں بھی کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش دیکھی گئی۔ دن بھر وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔

کراچی میں آئندہ 24 گھنٹوں میں بارش کا امکان نہیں، موسم گرم اور مرطوب رہنے کی توقع ہے، درجہ حرارت 31 سے 33 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 78 فیصد سے زائد ریکارڈ کیا گیا، جس سے حبس میں اضافہ ہوا ہے۔ملکہ کوہسار مری، آزاد کشمیر، میرپور اور باغ میں بھی موسلادھار بارش ہوئی، جس سے ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ بڑھ گیا۔ ایبٹ آباد، نارووال، فیروز والا، بہاولنگر اور دیگر علاقوں میں نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا، اور کئی علاقوں میں فیڈرز ٹرپ ہونے سے بجلی کی فراہمی معطل رہی۔

سیلابی خطرات اور این ڈی ایم اے کی ہدایات:
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے لاہور، گوجرانوالہ اور گجرات ڈویژن میں آئندہ 6 گھنٹوں میں شدید بارشوں کی وارننگ جاری کی ہے، جو موجودہ سیلابی صورتحال کو مزید خراب کر سکتی ہیں۔ راوی، چناب اور ستلج سمیت مشرقی دریاؤں میں پانی کی سطح غیر معمولی بلند ہے۔ 3 تا 4 ستمبر کے دوران پنجند ہیڈورکس سے ساڑھے 9 لاکھ کیوسک تک کے سیلابی ریلے متوقع ہیں اور خطرناک صورتحال میں یہ 12 لاکھ کیوسک تک پہنچ سکتے ہیں۔گڈو، سکھر اور کوٹری بیراج پر بھی آئندہ دنوں میں 8 سے 11 لاکھ کیوسک پانی کے بہاؤ کا امکان ہے۔ این ڈی ایم اے نے تمام ریسکیو اور ریلیف سرگرمیوں کی نگرانی تیز کر دی ہے اور نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر 24 گھنٹے فعال ہے۔

شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ دریا، ندی نالوں اور بندوں کے قریب نہ جائیں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں، مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر فوری عمل کریں، ضروری اشیاء اور دستاویزات تیار رکھیں، اور این ڈی ایم اے کی "ڈیزاسٹر الرٹ ایپ" سے تازہ ترین معلومات حاصل کریں۔اسلام آباد میں رات کے وقت ہلکی بارش اور بوندا باندی کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا، جبکہ دن کے وقت مطلع جزوی ابر آلود رہنے اور بعض علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔