شہدا ء کے خاندانوں کی قربانیوں کا قرض قوم ادا نہیں کر سکتی:محسن نقوی

راولپنڈی(آئی این پی)وزیر داخلہ محسن نقوی نے بلوچستان میں دہشت گردوں سے مقابلے میں جامِ شہادت نوش کرنے والے میجر زیاد سلیم کی رہائش گاہ پر ان کے اہل خانہ سے ملاقات کی۔وزیر داخلہ نے شہید کی والدہ، بہن، بھائیوں اور دیگر اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے فاتحہ خوانی کی اور شہید کے درجات کی بلندی اور اہلِ خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔محسن نقوی نے شہید میجر زیاد سلیم کی والدہ کے حوصلے اور عظمت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ جیسی بہادر اور بلند حوصلہ مائیں قوم کا فخر ہیں۔ شہدا کے خاندانوں کی قربانیوں کا قرض قوم کبھی ادا نہیں کر سکتی۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ ہم آپ کے خاندان کا ہر طرح سے خیال رکھیں گے۔