شہداء کی قربانیاں ملکی دفاع اور قومی استحکام کی بنیاد ہیں،آصف زرداری، افواجِ پاکستان کے جوانوں نے ہمیشہ مادر وطن کے دفاع کو اپنی جانوں پر فوقیت دی،وزیراعظم
شہداء کی قربانیاں ملکی بقاء اور سلامتی کی ضامن ہیں،چیئرمین سینیٹ، قوم اپنے نڈر ہیرو کو سلام پیش کرتی ہے‘ ایازصادق،وزیرداخلہ کا کیپٹن سرورشہید کی برسی پر خراج عقیدت
اسلام آباد(آن لائن) صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم محمد شہبازشریف ، چیئرمین سینٹ سید یوسف رضا گیلانی، سپیکر قومی اسمبلی سردار ایازصادق نے کیپٹن محمد سرور شہید (نشانِ حیدر) کو 77ویں برسی پر زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا ہے ۔ صدر نے کہا کہ آج کا محفوظ پاکستان ہمارے ہیروز کی عظیم قربانیوں کا نتیجہ ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی غیور قوم اپنے شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی۔وزیرداخلہ نے کہا کہ افواجِ پاکستان کے جوانوں نے ہمیشہ مادر وطن کے دفاع کو اپنی جانوں پر فوقیت دی۔چیئرمین سینٹ نے کہا کہ کیپٹن سرور شہید نے 1948ء کی جنگ میں دشمن کے دانت کھٹے کیے۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ قوم اپنے اس نڈر ہیرو کو سلام پیش کرتی ہے۔اپنے پیغام میں صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ 77 برس قبل آج ہی کے دن کشمیر کی پہلی جنگ میں کیپٹن محمد سرور شہید نے مادرِ وطن کے لیے جان کا نذرانہ پیش کیا۔قوم کو کیپٹن محمد سرور شہید کی جرات، استقامت اور عظیم قربانی پر فخر ہے۔آج کا محفوظ پاکستان ہمارے ہیروز کی عظیم قربانیوں کا نتیجہ ہے۔پوری قوم کیپٹن محمد سرور شہید کی بہادری اور قربانی کو سلام پیش کرتی ہے۔ صدرنے کہا کہ انہوں نے اپنی جان دے کر قومی دفاع کا ناقابلِ فراموش باب رقم کیا‘شہداء کی قربانیاں ملکی دفاع اور قومی استحکام کی بنیاد ہیں ‘قوم کیپٹن محمد سرور شہید کی قربانی کو ہمیشہ یاد رکھے گی ۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ مجھ سمیت پوری قوم آج ملک کے پہلے نشانِ حیدر حاصل کرنے والے کیپٹن محمد سرور شہید کے یومِ شہادت پر انہیں ان کی جرأت و بہادری پر خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔قوم کے بہادر سپوت کیپٹن سرور شہید نے دشمن کے جموں و کشمیر پر جارحانہ قبضے کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملاتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ان کی شجاعت نے ایک ایسی مثال قائم کی جس پر عمل پیرا ہوتے ہوئے افواجِ پاکستان کے جوانوں نے ہمیشہ مادر وطن کے دفاع کو اپنی جانوں پر فوقیت دی۔پاکستان کی غیور قوم اپنے شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی۔چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کیپٹن محمد سرور شہید کی 77ویں برسی پر پیغام میں ان کی 77ویں برسی پر خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ کیپٹن سرور شہید نے حب الوطنی، دلیری اور ایثار کی روشن مثال قائم کی۔کیپٹن سرور شہید نے 1948ء کی جنگ میں دشمن کے دانت کھٹے کیے۔سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ان کی قربانی نے ملک کی بنیادوں کو استحکام بخشا۔ شہداء کی قربانیاں پاکستان کی بقاء اور سلامتی کی ضامن ہیں۔مادرِ وطن کے لیے جان قربان کرنے والے بیٹوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔زندہ قومیں اپنے شہداء کو کبھی فراموش نہیں کرتیں۔ شہداء کی قربانیوں کو یاد رکھ کر قومی دفاع کو مضبوط بناتے ہیں۔سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ کیپٹن محمد سرور شہید نشان حیدر کو ان کی 77 ویں برسی پر خراجِ عقیدت پیش کرتا ہوں،شہید کیپٹن محمد سرور نشان حیدر نے جرات و بہادری کی لازوال تاریخ رقم کی،قوم اپنے اس نڈر ہیرو کو سلام پیش کرتی ہے،شہداء قوم کے محسن اور ہیروز ہیں، شہداء کی قربانیوں کی بدولت آج ہم آزادی کی فضا میں سانس لے رہے ہیں،پوری قوم کو اپنے بہادر سپوتوں پر ناز ہے۔