وزیر داخلہ کی تربت آمد، شہید کیپٹن وقار اور جوانوں کی نمازجنازہ میں شرکت‘جسد خاکی کو کندھا دیا
تربت(آئی این پی )وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی تربت میں فرنٹیئر کور ساتھ کے ہیڈ کوارٹر پہنچے اور شہید جوانوں کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔وزیرداخلہ محسن نقوی اور آئی جی ایف سی ساتھ میجر جنرل بلال سرفراز خان نے ضلع کیچ میں شہید کیپٹن وقار احمد اور 4 جوانوں کی نماز جنازہ میں شرکت کی، نماز جنازہ میں اعلی عسکری و سول حکام بھی شریک ہوئے،۔محسن نقوی اور آئی جی ایف سی ساتھ میجر جنرل بلال سرفراز نے شہدا کے بلندی درجات کیلئے دعا کی اور شہدا کے جسد خاکی کو کندھا دیا۔ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ کیپٹن وقار احمد اور جوانوں نے فرض کی راہ میں قیمتی جانیں نچھاور کر کے اعلی مثال قائم کی، قوم شہدا کی لازوال قربانیوں کا قرض نہیں اتار سکتی، شہدا کی عظیم قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، شہدا اور ان کے عظیم خاندانوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ شہدا کے خاندان ہمارے اپنے خاندان ہیں، قوم ہمیشہ ان کی مقروض رہے گی