مجھ سمیت پوری قوم کو پاک فوج کے بہادر افسران و جوانوں پر فخر ہے‘شہبازشریف کا شہیدجوانوںکوخراج عقیدت
8خوارجی دہشتگردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچانے پر سکیورٹی فورسز کو سلام پیش کرتے ہیں‘وزیرداخلہ محسن نقوی
اسلام آباد(آن لائن) پختونخوا میں دہشت گردوں کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران دو مختلف کاروائیوں میں آٹھ خوارجی ہلاک کردیئے۔دہشت گردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے کیپٹن سمیت دو جوان شہیدہوگئے۔شہداء میں کیپٹن محمد زوہیب اور سپاہی افتخار حسین شامل ہیں۔وزیراعظم محمد شہبازشریف اور وزیر داخلہ محسن نقوی نے دہشت گردوںکے خلاف کامیاب کارروائی پر سکیورٹی فورسز کی پذیرائی کی ہے اورجامِ شہادت نوش کرنے والے کیپٹن محمد زہیب الدین اور سپاہی افتخار حیسن کو خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔وزیراعظم نے کہا کہ مجھ سمیت پوری قوم کو پاک فوج کے بہادر افسران و جوانوں پر فخر ہے‘پاکستانی قوم اپنے شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی۔وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا کہ 8خوارجی دہشتگردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچانے پر سکیورٹی فورسز کو سلام پیش کرتے ہیں۔ سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرکے خوارجی دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔ قوم کو بہادر سکیورٹی فورسز پر ناز ہے۔ محسن نقوی نے کہا کہ خوارجی دہشتگردوں کو پاکستان میں کہیں بھی چھپنے نہیں دیں گے۔قوم کی حمایت سے دہشت گردوں کا صفایا کریں گے۔