لاہور(کرائم رپورٹر) اسپیشل پروٹیکشن یونٹ (ایس پی یو) ہیڈکوارٹر مناواں لاہور میں اہلکاروں کے مسائل کے حل اور ادارہ جاتی شفافیت کو فروغ دینے کیلئے اردل روم کا انعقاد کیا گیا۔ اردل روم کی صدارت ایس ایس پی ایڈمن ضیاء اللہ نے کی۔ایس ایس پی ایڈمن ضیاء اللہ نے موقع پر موجود ایس پی یو کے اہلکاروں کے مسائل تفصیل سے سنے اور ان کے حل کیلئے فوری احکامات جاری کیے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ فورس کے اہلکاروں کے مسائل کا بروقت ازالہ ادارے کی اولین ترجیح ہے تاکہ اہلکار اطمینان کے ساتھ اپنے فرائض انجام دے سکیں۔اردل روم میں دور دراز اضلاع میں تعینات اہلکاروں کو بھی ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کا موقع فراہم کیا گیا، جس سے شفافیت اور مساوی رسائی کو یقینی بنایا گیا۔ایس ایس پی ایڈمن ضیاء اللہ کا کہنا تھا کہ اردل روم کے انعقاد کا مقصد پولیس فورس میں میرٹ، انصاف اور شفافیت کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ فورس کے تمام اہلکاروں کے ساتھ قانون اور ضابطے کے مطابق برتاؤ کیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ اہلکاروں کا اعتماد بحال رکھنا اور ان کے مسائل کا فوری حل ادارے کی کارکردگی میں بہتری کا اہم ذریعہ ہے۔