دو موٹر سائیکلوں پر سوار 3 ملزمان گرفتار، 3 کلوگرام آئس، متعلقہ آلات برآمد
لاہور(کرائم رپورٹر)اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے تعلیمی اداروں کے اطراف اور ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 3 کارروائیوں کے دوران 4 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ کارروائیوں میں مجموعی طور پر 77 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 95.4 کلوگرام منشیات برآمد کی گئی۔ ترجمان کے مطابق اے این ایف نے قصور میں ایک اسکول کے قریب کارروائی کرتے ہوئے دو موٹر سائیکلوں پر سوار 3 ملزمان کو گرفتار کیا۔ ملزمان کے قبضے سے 3 کلوگرام آئس (کرسٹل میتھ)، 3 ڈرونز اور متعلقہ آلات برآمد ہوئے۔ ابتدائی تفتیش میں گرفتار ملزمان نے تعلیمی اداروں کے طلباء کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف کیا ہے، جس پر مزید تحقیقات جاری ہیں۔ اس کے علاوہ یارو، ضلع پشین میں ایک گاڑی سے 84 کلوگرام چرس برآمد کی گئی۔اسی طرح اسلام آباد ٹول پلازہ کے قریب ایک اور کارروائی کے دوران گاڑی سے 8.4 کلوگرام چرس برآمد کر کے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔اے این ایف حکام کے مطابق تمام ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ تعلیمی اداروں کے گرد و نواح میں منشیات کی روک تھام کیلئے کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی