4 ملزم گرفتار، کروڑوں کی منشیات مختلف شہروں سے برآمد کرلی
لاہور(کرائم رپورٹر) اے این ایف نے تعلیمی اداروں کے اطراف اور ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 5 کارروائیوں کے دوران 4 ملزمان کو گرفتار کر کے 1 کروڑ 87 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 158.050 کلوگرام منشیات برآمد کر لیں۔ ترجمان اے این ایف کے مطابق یونیورسٹی روڈ پشاور پر کالج کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزم کے قبضے سے 6 کلو افیون برآمد کی گئی۔ گرفتار ملزم نے تعلیمی اداروں کے طلباء کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف کیا ہے۔ کراچی میں کوریئر آفس سے آسٹریلیا بھیجے جانے والے پارسل سے 1 کلو آئس برآمد کی گئی۔ پشاور میں کوریئر آفس سے پارسل میں چھپائی گئی 250 گرام آئس برآمد کی گئی۔ گولڑہ موڑ اسلام آباد کے قریب 2 ملزمان کے قبضے سے 3.450 کلو چرس اور 950 گرام آئس برآمد کی گئی۔ رنگ روڈ پشاور کے قریب گاڑی سے 96 کلو چرس اور 50.400 کلو افیون برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔ گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔