تعلیمی اداروں کے اطراف ا، مختلف شہروں میں منشیات سمگلنگ

 3 کروڑ 98 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 502.91 کلوگرام منشیات برآمد کی گئی:اے این ایف
لاہور(کرائم رپورٹر)اے این ایف نے تعلیمی اداروں کے اطراف اور ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف بڑی کارروائیاں کرتے ہوئے خاتون سمیت 7 ملزمان کو گرفتار کر لیا کارروائیوں کے دوران تقریباً 3 کروڑ 98 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 502.91 کلوگرام منشیات برآمد کی گئی۔اے این ایف حکام کے مطابق حیات آباد پشاور میں یونیورسٹی کے قریب کارروائی کے دوران ایک ملزم کے قبضے سے 1.2 کلوگرام چرس برآمد کی گئی۔ گرفتار ملزم نے دورانِ تفتیش تعلیمی اداروں کے طلبہ کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف بھی کیا۔اسلام آباد ایئرپورٹ پر دبئی جانے والی خاتون کے قبضے سے کیلسی کے ڈبے میں چھپائی گئی 1.582 کلوگرام ایکسٹیسی گولیاں برآمد ہوئیں، جبکہ جناح ایئرپورٹ کراچی کے قریب کوریئر آفس میں سعودی عرب بھیجے جانے والے پارسل سے کپڑوں میں جذب 3.9 کلوگرام آئس پکڑی گئی۔اسی طرح اسلام آباد ایئرپورٹ کے کوریئر آفس میں برطانیہ جانے والے پارسل سے 310 گرام ہیروئن برآمد کی گئی۔رنگ روڈ پشاور پر پمپ کے قریب گاڑی سے 18 کلوگرام افیون برآمد کرکے 2 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جبکہ چونگی نمبر 26 اسلام آباد کے قریب 2 ملزمان کے قبضے سے 1.2 کلوگرام چرس اور 200 گرام آئس برآمد ہوئی۔فیض پور لاہور میں ایک کارروائی کے دوران ملزم کے قبضے سے 22.8 کلوگرام چرس، 2 کلوگرام افیون اور 700 گرام آئس برآمد کی گئی، جبکہ تربت، ضلع کیچ کے قریب 451 کلوگرام چرس قبضے میں لی گئی۔اے این ایف حکام کا کہنا ہے کہ تمام مقدمات انسدادِ منشیات ایکٹ 1997 کے تحت درج کرکے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔