خاتون کی لاش 3 کلو میٹر دور آؤٹ فال روڈ سے مل گئی،بچی کی تلاش، ریسکیو آپریشن ،غفلت پر ڈائریکٹر زاہد عباس اور ڈپٹی ڈائریکٹر شبیر احمد معطل
متاثرہ فیملی شورکوٹ سے لاہور آئی تھی، داتا دربار سے واپسی پر 24 سالہ سعدیہ اور 10 ماہ کی ردا سیوریج لائن کی منڈھیرسے نیچے گر گئیں،شوہر بھی ہمراہ تھا
لاہور(کرائم رپورٹر)لاہور میں بھاٹی گیٹ کے قریب سیوریج لائن میں گرنے والی خاتون کی لاش تقریباً 3 کلو میٹر دور آؤٹ فال روڈ سے مل گئی جبکہ بچی کی تلاش جاری ہے۔سیوریج لائین میں گرنے والی ماں اور بیٹی کی شناخت سعدیہ 24 سالہ اور 10 ماہ کی ردا کے طور پر ہوئی ہے۔گرنے والی خاتون کا شوہر بھی ہمراہ تھا جو باہر موجود ہے۔ڈی جی آپریشن فیصل کامران نے کہا ہے کہ واقعے کی انکوائری کیلئے ہائی لیول کمیٹی بنا دی گئی, پولیس نے حراست میں لیے گئے خاتون کے شوہر سمیت تین گرفتار افراد کو رہا کردیا۔متاثرہ فیملی شورکوٹ سے سیر کرنے لاہور آئی تھی، مینار پاکستان کے بعد داتا دربار پہنچی تھی اس دوران خاتون بچی سمیت سیوریج لائن کی منڈھیر پر بیٹھی جہاں سے دونوں نیچے گر گئیں۔وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے واقعے کی تہہ تک پہنچنے کیلئے ایڈیشنل چیف سیکریٹری کی سربراہی میں تحقیقاتی کمیٹی بنادی جو 24 گھنٹے میں تحقیقات کر کے رپورٹ پیش کرے گی۔غفلت اور کوتاہی کے مرتکب پراجیکٹ ڈائریکٹر زاہد عباس اور ڈپٹی ڈائریکٹر شبیر احمد کو معطل کردیا گیا