عارفوالا :سیوریج لائن میں گیس بھرنے سے سینٹری ورکر جاں بحق‘ 2کو بچا لیا گیا وزیراعلی کا نوٹس‘رپورٹ طلب

 قصبہ قبولہ میں سیوریج لائن کی صفائی کے دوران  سینٹری ورکر قدیر دم گھٹنے سے زندگی کی بازی ہارگیا،متاثرہ اہلکار  ٹی ایچ کیو عارفوالا منتقل
 عارف والا (آن لائن) عارفوالا میںسیوریج لائن میں گیس بھرنے سے سینٹری ورکر جاں بحق -2کو زندہ نکال کر ہسپتال منتقل کردیا گیا تفصیلات کے مطابق قصبہ قبولہ میں سیوریج لائن کی صفائی کے دوران گیس بھر نے سے سینٹری ورکر قدیر دم گھٹنے سے زندگی کی بازی ہارگیا جبکہ آفاق اور ارشد کو ریسکیو1122اہلکاروں نے زندہ نکال کر فوری طبی امدادکیلئے ٹی ایچ کیو ہسپتال عارفوالا منتقل کردیا ۔وقوعہ کی اطلاع ملتے ہی ڈپٹی کمشنر آصف رضااور ڈی پی او جاوید اقبال چدھڑنے ہسپتال میں پہنچ کر متاثرہ سینٹری ورکرز کی عیادت اور متوفی کے اہلخانہ سے تعزیت بھی کی ۔ ڈپٹی کمشنر نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی ۔ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے عارف والا میں سینیٹری ورکر کے مین ہول میں گرنے اور سیوریج لائن میں گیس بھرنے کے باعث جاں بحق ہونے کے واقعے کا نوٹس لے لیا۔وزیراعلی مریم نواز شریف نے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار خاندان سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے جبکہ انہوں نے ڈپٹی کمشنر پاکپتن سے واقعے کی تفصیلی رپورٹ بھی طلب کر لی ہے۔وزیراعلی نے مین ہول میں اترنے کے لئے  درکار حفاظتی آلات استعمال نہ کیے جانے پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور ہدایت کی کہ ذمہ داروں کا تعین کر کے ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔