سڑک بیٹھنے کی وجہ سیوریج لائن میں کرا ئون فیلئر قرار

نئے سیوریج سسٹم کو 50 سال تک برقرار رہنے کیلئے کافی قرار دیا گیا تھا
لاہور ( خصوصی رپورٹ )خیابان فردوسی مین بلیوارڈ جوہر ٹا ئون میں اللہ ہو چوک سے تقریباً تین سو میٹر پہلے سڑک کا ایک بڑا حصہ بیٹھنے سے شگاف زدہ ہوگیا۔صورتحال اس وقت مزید سنگین ہوگئی جب گزشتہ روز مرکزی شاہراہ سے گزرنے والا بھاری بھرکم ٹرک سڑک کے اندر دھنس گیا، جس کے بعد شگاف والے حصے کو حفاظتی ٹیپ اور بیریئرز لگا کر ٹریفک کے لیے محدود کردیا گیا۔سڑک بیٹھنے کی وجہ سے پیدا ہونے والے شگاف پر ایل ڈی اے کی جانب سے مستقل مرمت کے بجائے فی الحال بلڈنگ مٹیریل، سیمنٹ اور بجری استعمال کرکے عارضی کام کیا گیا ہے۔نئی تعمیر شدہ مرکزی شاہراہ پر شگاف پڑنے کے بعد اب معاملہ صرف سڑک کی مرمت تک محدود نہیں رہا، بلکہ ذمہ داری کے تعین پر ایل ڈی اے اور واسا کے درمیان اختلاف بھی سامنے آگیا ہے۔واسَا کے مطابق سڑک کی مناسب کمپیکشن نہ ہونے کے باعث زمین بیٹھنے سے یہ صورتحال پیدا ہوئی، جبکہ ایل ڈی اے نے سڑک بیٹھنے کی وجہ سیوریج لائن میں کرا ئون فیلئر کو قرار دیا ہے۔خیابان فردوسی مین بلیوارڈ کے سیوریج منصوبے کا آغاز فروری دو ہزار چوبیس میں کیا گیا تھا، جس کے تحت تقریباً دو ارب روپے کی لاگت سے نیا سیوریج سسٹم بچھایا گیا۔منصوبے کے دوران نئے سیوریج سسٹم کو پچاس سال تک ضروریات پوری کرنے کے لیے کافی قرار دیا گیا تھا۔