پولیو کے مکمل سد باب تک بل گیٹس فاونڈیشن جیسے قابل اعتماد شراکت داروں کے تعاون سے اقدامات جاری رکھے جائیں گے‘ سعودی عرب کے تعاون کے شکر گزار ہیں:وزیراعظم

پاکستان جلد پولیو سے نجات حاصل کر لے گا  شہبازشریف
بیماری کے خلاف جاری جنگ میں ہنگامی بنیادوں پر مزید اقدامات ناگزیر ہیں‘ وفاقی حکومت موثر حکمت عملی کے تحت ملک کے طول و عرض میں پولیو ٹیم کی رسائی ممکن بنانے کیلئے  صوبوں سے مل کر مکمل ہم آہنگی کے ساتھ کام کر رہی ہے
 ملک میں انسداد پولیو کی مہم کے پبلک سیکٹر ڈیولپمنٹ پروگرام کے تحت متعلقہ منصوبے جاری رکھے جائیں گے:وزیراعظم‘پاکستان پولیو کے مکمل خاتمے کیلئے موثر اقدامات اٹھا رہا ہے  اورکامیابی کی طرف گامزن ہے:صدر گیٹس فائونڈیشن
اسلام آباد(آن لائن)وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا ہے  پاکستان سے پولیو کے سد باب کے لئے بل گیٹس کی قابل قدر خدمات یاد رکھی جائیں گی‘امید کی جا سکتی ہے کہ جاری اقدامات کے نتیجے میں پاکستان جلد اس بیماری کے مکمل خاتمے کی منزل حاصل کر لے گا۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف سے گیٹس فاؤنڈیشن کے صدر برائے عالمی ترقی کرس ایلیاس کی وفد کے ہمراہ ملاقات ہوئی۔ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں پولیو کے مکمل سد باب تک بل گیٹس فاونڈیشن جیسے قابل اعتماد شراکت داروں کے تعاون سے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔ پاکستان سے پولیو کے سد باب کے لئے بل گیٹس کی قابل قدر خدمات یاد رکھی جائیں گی۔ پاکستان سے پولیو کے سد باب میں بل گیٹس اور مسلم برادر ممالک سعودی عرب کے تعاون کے بے حد شکر گزار ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ  حکومت جامع حکمت عملی اور موثر ٹیم کے ساتھ عملی اقدامات کر رہی ہے اور جلد پاکستان سے اس بیماری کے مکمل خاتمے کے لیے پر عزم ہے۔اس بیماری کے خلاف جاری جنگ میں خاطر خواہ کامیابی کے باوجود ہنگامی بنیادوں پر مزید اقدامات ناگزیر ہیں۔ وفاقی حکومت موثر حکمت عملی کے تحت ملک کے طول و عرض میں پولیو ٹیم کی رسائی ممکن بنانے کے لیے صوبوں کے ساتھ مکمل ہم آہنگی کے ساتھ کام کر رہی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں انسداد پولیو کی مہم کے پبلک سیکٹر ڈیولپمنٹ پروگرام کے تحت متعلقہ منصوبے جاری رکھے جائیں گے‘ گیٹس فاؤنڈیشن صدر برائے عالمی ترقی کرس ایلیاس نے اس موقع پر کہا کہ گیٹس فاؤنڈیشن، وزیراعظم پاکستان کی انسداد پولیو پر ذاتی توجہ اور اس تناظر میں اٹھائے گئے موثر عملی اقدامات کو نہایت قدرکی نگاہ سے دیکھتی ہے۔پاکستان پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے موثر اقدامات اٹھا رہا ہے جو کامیابی کی طرف گامزن ہے‘ پاکستان میں وفاقی اور صوبائی حکومتوں اورمتعلقہ اداروں سے انسداد پولیو پر  تعمیری مشاورت جاری رہے گی۔ کرس ایلیاس نے کہا کہ پاکستان میں پولیو وائرس کی ماحولیاتی موجودگی کے خاتمے اور تمام علاقوں میں پولیو ٹیم کی رسائی کے تناظر میں موثر اقدامات اٹھائے گئے ہیں جو قابل تحسین ہیں۔