پاکستان میں 40 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری خوش آئند ہے‘عالمی بینک نے سیلاب کے دوران متاثرہ لوگوں کی بھرپور مدد کی، حکومت کی پالیسیوں پر اعتماد کے شکر گزار ہیں:وزیراعظم

 سیاسی جھگڑوں سے ملک کو نقصان ہوتا ہے  آنیوالے دنوں میں مہنگائی  کم ہوگی شہبازشریف 

مہنگائی کی شرح سنگل ڈیجٹ پر آگئی، ملکی معیشت کی بہتری کے لئے مزید محنت درکار ہے،  عوام کو بہتر معیشت کے ثمرات مل رہے ہیں ،   سٹیک ہولڈر کو خلوص نیت سے کام کرنا ہو گا:نجی ٹی وی سے گفتگو
 آئی ایف سی کے تحت  نجی شعبے میں 20 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری سے ملکی معیشت کا پہیہ تیزی سے گھومے گا:وزیراعظم کی ورلڈ بینک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹرز کے وفد سے گفتگو‘وفد نے حکومتی اصلاحات کوسراہا

اسلام آباد(آئی این پی‘مانیٹرنگ ڈیسک ) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے  مہنگائی کی شرح سنگل ڈیجٹ پر آگئی ہے ، امید   ہے   آنے والے دنوں میں مہنگائی کا گراف مزید کم ہوگا،پی ٹی آئی کے دور میں نفرت کا کلچر پروان چڑھا۔ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ مہنگائی کی شرح سنگل ڈیجٹ پر آگئی ہے اور بینکوں کا مارک اپ ریٹ بہتر ہوا ہے، آنے والے دنوں میں مہنگائی کا گراف مزید کم ہوگا۔ مہنگائی کو کم کرنے میں پوری ٹیم کی کوششیں شامل ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کی بہتری کے لیے اقدامات کیے اور سفارشی کلچر کو ختم کرنے کی کوشش کی، معیشت کو ٹھیک کرنے کے لیے بھی دن رات محنت کی ہے لیکن ابھی مزید محنت درکار ہے۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ  آہستہ آہستہ عوام کو بہتر معیشت کے ثمرات مل رہے ہیں۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ جب ملک کی باگ دوڑ سنبھالی تو حالات انتہائی مشکل تھے ۔ سیاسی جھگڑوں سے نفرت پھیلتی ہے جو ملک کے لیے نقصان دہ ہے، پی ٹی آئی کے دور میں نفرت کا کلچر پروان چڑھا جس نے ملک کو نقصان پہنچایا۔   باہمی اتفاق و اتحاد سے ہی ملک کو ترقی دی جا سکتی ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ سرکاری افسران کو بھی دن رات محنت کرنا ہو گی۔ اور ملکی ترقی کے لیے اسٹیک ہولڈر کو خلوص نیت سے کام کرنا ہو گا۔ فوج ملکی سلامتی کے لیے جانوں کی قربانیاں دے رہی ہے۔دریں اثناء وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے  کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک کے تحت پاکستان میں 40 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری خوش آئند ہے۔وزیراعظم سے ورلڈ بینک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹرز کے وفد نے ملاقات کی، اس موقع پر شہباز شریف نے کہا کہ آئی ایف سی کے تحت پاکستان کے نجی شعبے میں 20 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری سے ملکی معیشت کا پہیہ تیزی سے گھومے گا۔وزیر اعظم نے وفد کی پاکستان آمد پر خیر مقدم کیا، وفد کے شرکاء￿  نے پاکستان کے جاری اصلاحاتی پروگرام پر عملدرآمد کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی معاشی اصلاحات کا سفر تیزی سے جاری ہے۔وفد نے توانائی، صنعت و برآمدات، نجکاری، محصولات و دیگر شعبوں میں اصلاحاتی اقدامات کی تعریف کی۔شہباز شریف نے کہا کہ صحت، تعلیم، نوجوانوں کی ترقی اور سماجی شعبوں کے منصوبوں سے ترقی کا نیا باب کھلے گا، قرضوں کی بجائے سرمایہ کاری اور شراکت داری ترجیح ہے، عالمی بینک اور پاکستان کی شراکت داری گزشتہ سات دہائیوں پر محیط ہے، عالمی بینک کے تعاون سے پاکستان میں متعدد بڑے منصوبے تعمیر ہوئے، ان منصوبوں نے پاکستان کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا۔وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان نے عالمی بینک کے ساتھ شراکت داری سے استفادہ حاصل کیا، عالمی بینک نے 2022 کے سیلاب کے دوران پاکستان میں متاثرہ لوگوں کی بھرپور مدد کی، عالمی بینک کے حکومت کی پالیسیوں پر اعتماد کے شکر گزار ہیں۔شہباز شریف نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کا ادارہ جاتی و معاشی اصلاحات کا پروگرام تیزی سے جاری ہے، ملک کی معیشت صحیح سمت اور ترقی کی جانب گامزن ہے، ملکی معیشت کی پائیدار ترقی کیلئے ابھی مزید سفر طے کرنا ہے، معیشت کی بہتری کا سہرا ٹیم کی کوششوں کو جاتا ہے۔