وزیراعظم کی عالمی رہنمائوں سے ملاقاتیں سعودی عرب کیساتھ تعلقات پر فخر ہے شہبازشریف
شہباز شریف کی سعودی عرب کے قومی دن پر ولی عہد اور عوام کو مبارکباد،پاک سعودی برادرانہ رشتہ مضبوط سٹریٹجک شراکت داری میں تبدیل ہو رہا ہے:وزیراعظم کا بیان
کینیا کے صدر ولیم روٹو سے ملاقات میں دونوں رہنماں نے دوطرفہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا‘ وزیراعظم نے کینیائی سرمایہ کاروں کو پاکستان کے خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری کی دعوت دی
نیویارک (آئی این پی‘آن لائن)نیویارک میں اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف کی عالمی رہنمائوں سے سائیڈ لائن ملاقاتیں جاری ہیں۔ کویت کے ولی عہد، آسٹریا کے چانسلر، صومالیہ اور کینیا کے صدور سے ملاقاتوں میں تجارت، سرمایہ کاری اور دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا ۔ وزیراعظم اور گیٹس فانڈیشن کے چیئرمین بل گیٹس کی بھی ملاقات ہوئی ۔ وزیراعظم نے بل گیٹس کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی۔وزیراعظم نے آسٹریا کے چانسلر کرسچن اسٹاکر اور صومالیہ کے صدر حسن شیخ محمود سے بھی ملاقات کی اور دوطرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔کینیا کے صدر ولیم روٹو سے ملاقات میں دونوں رہنماں نے دوطرفہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے کینیائی سرمایہ کاروں کو پاکستان کے خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ کینیا کے صدر نے خلیجی خطے اور مغربی ایشیا میں حالیہ بحران کے دوران پاکستان کے مثبت سفارتی کردار کو سراہا۔وزیراعظم شہباز شریف نے گیٹس فائونڈیشن کے چیئرمین بل گیٹس سے بھی ملاقات کی۔ وزیراعظم نیپولیو کے خاتمے، ماں اور بچے کی صحت سمیت مختلف شعبوں میں فائونڈیشن کے تعاون کو سراہتے ہوئے پاکستان سے پولیو کے مکمل خاتمے کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا‘ بوسنیا و ہرزیگووینا کی صدارتی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر ڈینس بیچیرووچ سے بھی ملاقات کی‘دریں اثناء وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سعودی عرب کے قومی دن کے موقع پر سعودی فرمانروا، ولی عہد اور سعودی عوام کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی عرب کی ترقی اور تبدیلی کا شاندار سفر نہ صرف سعودی قوم بلکہ پاکستان کے لیے بھی باعثِ فخر اور قابلِ تحسین ہے۔وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ ولی عہد محمد بن سلمان کی متحرک اور بصیرت افروز قیادت میں سعودی عرب خوشحالی اور جدت کی جانب متاثر کن پیش رفت جاری رکھے ہوئے ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کو سعودی عرب کے ساتھ اپنے تاریخی اور آزمودہ برادرانہ تعلقات پر بے حد فخر ہے۔ دونوں ممالک کے تعلقات ایمان، باہمی اعتماد اور دونوں برادر عوام کے درمیان گہرے اور دیرینہ رشتے پر استوار ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ ولی عہد کی سرپرستی میں پاک سعودی برادرانہ رشتہ مزید مضبوط اسٹریٹجک شراکت داری میں تبدیل ہو رہا ہے۔