سعودی عرب کے سابق گورنر اور سعودی فرمانروا فہد بن عبدالعزیز کے دوسرے بیٹے شہزادہ محمد بن فہد بن عبدالعزیز کا انتقال ہوگیا۔ وہ 75 سال کے تھے۔
شہزادہ محمد بن فہد کی نمازِ جنازہ آج ریاض کی امام ترکی بن عبداللہ مسجد میں ادا کی جائے گی۔شہزادہ محمد بن فہد نے سعودی عرب میں ابتدائی تعلیم حاصل کرنے کے بعد یونیورسٹی آف کیلی فورنیا سے اکنامکس اور پولیٹیکل سائنس میں بیچلر کی ڈگری حاصل کی۔ تعلیم مکمل کرنے کے بعد وہ سعودی عرب واپس آئے اور اہم حکومتی عہدوں پر خدمات انجام دیں، جن میں مشرقی صوبے کے گورنر کے طور پر ان کی خدمات شامل ہیں۔انھیں سماجی کاموں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی وجہ سے شہرت حاصل ہوئی، اور انھوں نے "پرنس محمد بن فہد پروگرام برائے ترقی نوجوانان" کی بنیاد رکھی۔ سعودی عرب میں انسانی بہبود کے مختلف پروگراموں میں ان کی شمولیت کے اعتراف میں 2002ء میں اقوام متحدہ کا عالمی ایوارڈ بھی ملا۔ایوان شاہی نے ان کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے شہزادہ محمد بن فہد کے لیے دعائیں کی ہیں اور ان کے درجات کی بلندی کی دعا کی ہے۔