لاہور میں ہیوی ٹریفک پابندی سے پیٹرول کی فراہمی متاثر ہونے کا خدشہ

لاہور میں ہیوی ٹریفک پابندی سے پیٹرول کی فراہمی متاثر ہونے کا خدشہ

آئل کمپنیز ایڈوائزری کونسل نے لاہور میں پیٹرول کی فراہمی میں پیش آنے والی مشکلات کے حوالے سے چیف سیکرٹری پنجاب کو ایک خط ارسال کیا ہے۔

 خط میں بتایا گیا ہے کہ لاہور ٹریفک پولیس نے شہر میں صبح 6 بجے سے 11 بجے تک ہیوی ٹریفک کی نقل و حرکت پر پابندی عائد کر دی ہے، جس سے شہر کے 400 پیٹرول پمپس کی پیٹرول کی فراہمی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔آئل کمپنیز کا کہنا ہے کہ آئل ٹینکرز، جو پیٹرول کی ترسیل کے ذمہ دار ہیں، اس پابندی کے باعث بروقت پیٹرول پمپس تک ایندھن پہنچانے میں مشکلات کا سامنا کر سکتے ہیں۔ اس لیے انہوں نے درخواست کی ہے کہ آئل ٹینکرز کو اس پابندی سے مستثنیٰ قرار دیا جائے تاکہ پیٹرول کی فراہمی میں کوئی خلل نہ آئے۔ خط میں مزید کہا گیا کہ کراچی میں بھی ہیوی ٹریفک پر پابندی کے باوجود آئل ٹینکرز کو استثنا حاصل ہے، اور لاہور میں بھی اسی طرح کی سہولت فراہم کی جائے۔آئل کمپنیز ایڈوائزری کونسل نے چیف سیکرٹری پنجاب سے درخواست کی ہے کہ لاہور میں ہیوی ٹریفک پر عائد پابندی کو فوری طور پر ہٹایا جائے تاکہ پیٹرول کی سپلائی میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ ہو اور شہریوں کو پیٹرول کی فراہمی معمول کے مطابق جاری رہے۔