لاہور میں جمعہ اور اتوار کو ہیوی ٹرانسپورٹ کے داخلے پر پابندی، سموگ تدارک کے لیے اقدام

لاہور میں جمعہ اور اتوار کو ہیوی ٹرانسپورٹ کے داخلے پر پابندی، سموگ تدارک کے لیے اقدام

ویب ڈیسک:پنجاب حکومت نے سموگ کے بڑھتے مسئلے سے نمٹنے کے لیے لاہور میں جمعہ اور اتوار کے دن ہیوی ٹرانسپورٹ کے داخلے پر مکمل پابندی لگا دی ہے۔

سٹی ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) لاہور عمارہ اطہر نے بتایا کہ ان دنوں میں کسی بھی قسم کی ہیوی ٹریفک، جیسے لوڈر ٹرک اور ٹریکٹر ٹرالی، کو شہر میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔پابندی کو مؤثر بنانے کے لیے شہر کے 12 داخلی اور خارجی راستوں پر ڈی ایس پیز کی نگرانی میں اضافی نفری تعینات کردی گئی ہے۔ عمارہ اطہر نے مزید وضاحت کی کہ ایسے ہیوی وہیکلز جن میں فٹنس سرٹیفکیٹ نہیں، خستہ حال ہیں، یا خطرناک حد تک کالا دھواں چھوڑتی ہیں، ان کا بھی شہر میں داخلہ ممنوع ہوگا۔البتہ، اس پابندی سے پٹرول، ادویات، خوردونوش، اور مسافر گاڑیوں کو مستثنیٰ رکھا گیا ہے، مگر انہیں بھی مکمل چیکنگ کے بعد داخلے کی اجازت دی جائے گی۔عمارہ اطہر نے ٹرانسپورٹرز سے درخواست کی کہ وہ سموگ کے خاتمے اور صحت مند ماحول کے قیام کے لیے حکومتی احکامات کی پابندی کریں۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی سے نمٹنے کے لیے ہم سب کو مشترکہ طور پر کوشش کرنا ہوگی۔