کراچی میں ٹریفک کے بڑھتے ہوئے مسائل کے پیش نظر کمشنر کراچی نے دن کے اوقات میں ہیوی ٹریفک کے داخلے پر پابندی عائد کرتے ہوئے دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔
اس پابندی کا اطلاق 17 اپریل سے 16 جون 2025 تک ہو گا، جو کراچی ڈویژن کے تمام علاقوں پر لاگو ہو گا۔نوٹیفکیشن کے مطابق، صبح 6 بجے سے رات 10 بجے تک ہیوی ٹریفک کو شہر میں داخلے کی اجازت نہیں ہو گی۔ اس پابندی میں تعمیراتی سامان لے جانے والے ڈمپرز بھی شامل ہیں۔ یہ فیصلہ ڈی آئی جی ٹریفک کی سفارش پر کیا گیا ہے تاکہ شہری علاقوں میں ٹریفک کی روانی کو بہتر بنایا جا سکے اور حادثات سے بچا جا سکے۔
ہیوی ٹریفک کے لیے متبادل راستے:
سپر ہائی وے سے نیو کراچی انڈسٹریل ایریا براستہ سلپ روڈ.نیشنل ہائی وے سے گودام چورنگی، منظر پٹرول پمپ، یونس چورنگی اور داؤد چورنگی سے جام صادق پل تک.ناردرن بائی پاس سے پراچہ چوک، اسٹیٹ ایونیو، سیمینز چورنگی سے گلبائی اور ماڑی پور روڈ تک.انتظامیہ کے مطابق، یہ اقدام شہریوں کی سہولت اور شہر میں ٹریفک نظام کو بہتر بنانے کیلئے عارضی طور پر اٹھایا گیا ہے، جس پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے گا۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔