امریکہ کا اعلی سطح کا وفد دو روزہ اہم دورے پر پاکستان میں ہے، جس کی قیادت ٹیکساس ہیج فنڈ کے منیجر اور ٹرمپ خاندان کے قریبی بزنس پارٹنر جینٹری بیچ کر رہے ہیں

ٹرمپ کا مثبت رویہ پاکستان اور امریکہ میں سرمایہ کاری کے معاہدے

دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری، معاشی اور دو طرفہ تعلقات کی نئی راہیں کھلیں گی‘نئی امریکی حکومت آنے کے بعد وفد میں شامل ارکان بالخصوص جینٹری بیچ کی پاکستان آمد  بڑی سفارتی کامیابی ہے:ذرائع

اسلام آباد(آئی این پی ‘مانیٹرنگ ڈیسک)امریکہ  کا اعلی سطح کا وفد پاکستان کے دورے پر ہے، اس دوران سرمایہ کاری کے کئی معاہدوں پر دستخط کیے گئے ہیں۔ذرائع کے مطابق وفد کی  کی قیادت ٹیکساس ہیج فنڈ کے منیجر اور ٹرمپ خاندان کے قریبی بزنس پارٹنر جینٹری بیچ کر رہے ہیں۔نئی امریکی حکومت کے اقتدار سنبھالتے ہی سرمایہ کار وفد کا پاکستان آنا انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ امریکی وفد کے دورہ پاکستان سے دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری، معاشی اور دو طرفہ تعلقات کی نئی راہیں کھلیں گی۔اہم دورے کے دوران پاکستان اور امریکا کے درمیان سرمایہ کاری کے کئی معاہدوں پر بھی دستخط کیے گئے ہیں۔ وفد میں شامل اراکین بالخصوص جینٹری بیچ کی پاکستان آمد ایک بڑی سفارتی کامیابی ہے۔ جینٹری بیچ ٹرمپ خاندان کے انتہائی قریبی ساتھی اور  صدر ٹرمپ کے گزشتہ انتخابی مقابلوں میں پیش پیش رہے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ نئی امریکی حکومت آنے کے بعد کسی بھی امریکی وفد کا یہ پہلا دورہ ہے۔ نئی امریکی حکومت قائم ہونے کے کچھ ہی دن بعد امریکی  سرمایہ کار وفد کی پاکستان آمد دونوں ملکوں کے درمیان معاشی دو طرفہ تعلقات آگے بڑھانے کی طرف ایک اہم قدم ہے۔جینٹری بیچ نے گزشتہ دنوں  مار اے لاگو میں صدارتی انتخابات کے بعد ایک تقریب کے دوران پاکستان کوزبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان کے لوگوں نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں بہت قربانیاں دی ہیں، ہزاروں لوگ دہشت گردی کی نذر ہو گئے۔