انسدادپولیو مہم میں رکاوٹیں ڈالنا تشویشناک ہےمعاشی ترقی کیلئے جلد پالیسی کا اعلان کرینگے شہبازشریف
یونان کشتی حادثے میں 5 پاکستانی شہری جان کی بازی ہار گئے، 40 سے زیادہ لوگوں کو ریسکیو بھی کیا گیا،اس طرح کے حادثات میں جن کے پیارے بچھڑ جائیں، وہ انہیں ساری زندگی یاد رکھتے ہیں‘ اس بارے میں مزید فیصلے کریں گے
کرنٹ اکائونٹ سرپلس 729 ملین ڈالرپر پہنچنا معیشت کیلئے خوش آئند ہے، کرنٹ اکائونٹ سرپلس میں ریکارڈ اضافے سے پاکستان کی عالمی معاشی مارکیٹ میں پوزیشن مستحکم ہو گی:وزیراعظم
اسلام آباد(آئی این پی‘آن لائن)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے مستقل معذوری کا باعث بننے والے خطرناک وائرس پولیو کے خاتمے کے لیے جانے والی قومی کوششوں میں رکاوٹیں ڈالی جاتی ہیں جو انتہائی تشویشناک ہے۔انہوں نے یہ بات وزیر اعظم ہائوس اسلام آباد میں وفاقی کابینہ کے اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ان کا کہنا تھا کہ پولیو مہم کے دوران کرک، بنوں میں پولیس اہلکار اور ایک پولیو ورکر شہید ہوئے، ان کے لیے دعا کریں، پولیو کے خاتمے میں رکاوٹیں ڈالی جاتی ہیں جو انتہائی تشویشناک ہے۔محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ یونان کشتی حادثے میں 5 پاکستانی شہری جان کی بازی ہار گئے، 40 سے زیادہ لوگوں کو ریسکیو بھی کیا گیا،اس طرح کے حادثات میں جن کے پیارے بچھڑ جائیں، وہ انہیں ساری زندگی یاد رکھتے ہیں۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کشتی حادثے جیسے غیرقانونی طریقوں سے بے پناہ قیمتی جانیں ضائع ہوتی ہیں، بدقسمتی سے جولائی 2023میں بھی کشتی حادثہ ہوا جس میں 260 پاکستانی جاں بحق ہوئے۔انہوں نے کہا کہ مرنے والوں میں سب سے زیادہ تعداد پاکستانیوں کی تھی، اس وقت ہم نے اس پر بڑی گہرائی میں جاکر فیصلے کیے تھے، تمام اداروں، وزارت خارجہ، داخلہ، بیرون ملک پاکستانی کے حوالے وزارت نے ہمہ گیر فیصلے کیے تھے۔محمد شہباز شریف کا کہنا تھا کہ یہ ایک سنجیدہ چیلنج ہے، اس پر میں چند دن میں متعلقہ وزرا کی میٹنگ بلا رہا ہوں، 2023 کے واقعے کا جائزہ لیں گے، اس کی روشنی میں مزید فیصلے کرنے پڑے، وہ کریں گے اور ان پر سختی سے عمل پیرا ہوں گے۔دریں اثناء محمد شہباز شریف نے ریکارڈ کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس کے حصول پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے حکومت کی معاشی ٹیم کو خراج تحسین پیش کیاہے اورکہا ہے کہ 10 سالوں میں پہلی بار نومبر2024 میں پاکستان کا کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس 729 ملین امریکی ڈالرز پر پہنچ جانا ملکی معیشت کے لئے انتہائی خوش آئند ہے۔ ایک بیان میں وزیراعظم نے کہاکہ سٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے پالیسی ریٹ میں کمی، مہنگائی اور افراط زر میں بتدریج کمی اور کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس میں اضافہ حکومت کی مثبت معاشی پالیسیوں کا منہ بولتا ثبوت ہیں