اقرار الحسن نے سیاسی جماعت بنانے کا اعلان

اقرار الحسن نے سیاسی جماعت بنانے کا اعلان

پاکستان کے  اینکر اور پروگرام میزبان اقرار الحسن نے باضابطہ اعلان کیا ہے کہ وہ اپنی سیاسی جماعت بنانے جا رہے ہیں اور اس تحریک کا نام 15 جنوری کو عوام کے سامنے پیش کیا جائے گا۔

اقرار الحسن نے نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے پنجاب کی سیاسی اور ترقیاتی صورتحال پر بات کی۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعلیٰ شہباز شریف نے پنجاب کے لیے متعدد ترقیاتی منصوبے مکمل کیے جبکہ بطور نگراں وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کئی انڈر پاسز اور بنیادی ڈھانچے کے منصوبے مکمل کیے۔ ان کے مطابق، مریم نواز سمیت دیگر حکمرانوں نے بھی کام کیا، تاہم عثمان بزدار کے دور میں کوئی خاطر خواہ ترقیاتی کام نہیں ہوئے۔انہوں نے واضح کیا کہ سیاسی جماعتیں محض کسی شخص کی ملکیت نہیں ہوتیں کہ ایک فرد کے انتقال کے بعد دوسروں کو منتقل ہو جائیں، بلکہ یہ مضبوط ادارے ہوتے ہیں۔

 اقرار الحسن نے کہا کہ وہ ذاتی نظریات پیش کرنے کے لیے نہیں بلکہ پاکستان میں ایک نئی سیاسی جماعت کے قیام کے ذریعے ملکی مسائل کے حل کے لیے آگے بڑھ رہے ہیں۔مزید بتایا گیا کہ پارٹی کے قیام اور رجسٹریشن کے طریقہ کار کا باضابطہ اعلان بھی جلد کیا جائے گا۔ اقرار الحسن نے زور دیا کہ ان کا مقصد عوامی فلاح اور سیاسی اصلاحات کے لیے ایک مضبوط اور فعال ادارہ قائم کرنا ہے، جو نوجوانوں اور شہریوں کی توقعات پر پورا اتر سکے۔