اینکر اقرار الحسن کو لاہور سے گرفتار کر لیا گیا

اینکر اقرار الحسن کو لاہور سے گرفتار کر لیا گیا

لاہور میں  ٹی وی اینکر اور پاکستان عوام راج تحریک کے سربراہ اقرار الحسن کو ڈی ایچ اے فیز 8 میں واقع ان کے گھر سے گرفتار کیے جانے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

 اہل خانہ نے رات گئے ان کی گرفتاری کا الزام عائد کیا ہے، تاہم حکام کی جانب سے تاحال اس کی باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔ذرائع کے مطابق رات تقریباً 3 بجے سادہ کپڑوں میں ملبوس اہلکار اقرار الحسن کو ان کی رہائش گاہ سے اپنے ساتھ لے گئے۔ بتایا گیا ہے کہ اہلکاروں کے ہمراہ خواتین اہلکار بھی موجود تھیں، جن کے بیجز پر نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) درج تھا۔اقرار الحسن کی گرفتاری سے متعلق اطلاعات کی تصدیق نجی نیوز چینل کے اینکر پرسن وسیم بادامی نے بھی ایک ویڈیو پیغام میں کی۔ وسیم بادامی اقرار الحسن کے ساتھ مختلف پروگراموں میں کام کر چکے ہیں۔ ان کے مطابق انہیں اقرار الحسن کو سادہ کپڑوں میں ملبوس اہلکاروں کی جانب سے ساتھ لے جانے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

اقرار الحسن صحافت اور ٹی وی پروگراموں کے ذریعے ملک بھر میں پہچانے جاتے ہیں۔ وہ نجی ٹی وی چینل کے اینکر رہنے کے علاوہ سیاسی سرگرمیوں میں بھی حصہ لیتے رہے ہیں اور پاکستان عوام راج تحریک کے سربراہ ہیں۔تاحال اقرار الحسن کو مبینہ طور پر حراست میں لیے جانے کی وجوہات، ان کے خلاف کسی مقدمے یا ممکنہ قانونی کارروائی کی تفصیلات سامنے نہیں آسکیں۔ متعلقہ حکام کی جانب سے گرفتاری کی باضابطہ تصدیق اور واقعے کی مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔