ٹی وی اینکر اور کرائم رپورٹر اقرار الحسن نے باضابطہ طور پر سیاست میں قدم رکھ دیا ہے اور اپنی نئی سیاسی جماعت ’’عوام راج پارٹی‘‘ کی رونمائی لاہور پریس کلب میں کی۔
اس تقریب میں جماعت کے نام کے ساتھ پارٹی کا پرچم بھی پیش کیا گیا، جس میں سرخ پس منظر پر پیلے رنگ کا چاند اور ستارہ نمایاں ہیں۔اقرار الحسن نے سرِعام جیسے پروگرام اور رمضان ٹرانسمیشن شانِ رمضان سے شہرت حاصل کی ہے، تاہم ان کی سیاسی انٹری، خبروں کی بجائے سوشل میڈیا پر طنز و مزاح کا موضوع بن گئی ہے۔سوشل میڈیا صارفین نے پارٹی کے نام اور پرچم کے ڈیزائن پر دلچسپ اور طنزیہ تبصرے کیے۔ کئی صارفین نے پرچم کو مختلف ممالک اور سیاسی جماعتوں کے جھنڈوں کا امتزاج قرار دیا، جبکہ جماعت کے نام کو بھی مذاق کا نشانہ بنایا گیا۔ کچھ تبصرے درج ذیل ہیں:
’’اقرار الحسن نے خود ثابت کر دیا کہ وہ ریڈ فلیگ ہیں۔‘‘
’’یہ تو سوویت یونین کے پرچم جیسا لگ رہا ہے۔‘‘
’’یہ سب ایک مذاق لگتا ہے، آخر کون ان کے ساتھ ہوگا، سوائے ان کی تین یا چار بیویوں کے۔‘‘
بعض نے جماعت کے نام کو بھارتی سیاسی جماعت سے مشابہ قرار دیا، جبکہ کسی نے پرچم کو ’’سرخ ڈیزائن والا ترک پرچم‘‘ کہا۔
اقرار الحسن کی سیاست میں آمد، جہاں ان کے مداحوں کے لیے حیران کن رہی، وہیں سوشل میڈیا پر یہ قدم تفریح اور میمز کا موضوع بھی بن چکا ہے۔ آنے والے دنوں میں یہ دیکھنا دلچسپ ہوگا کہ آیا وہ سیاست میں بھی اتنی سنجیدگی سے جگہ بنا پاتے ہیں جتنی انہوں نے ٹی وی اسکرین پر بنائی ہے یا نہیں۔