دو ملزم گرفتار، بھاری مقدار میں منشیات بر آمد

ظفروال (خصوصی رپورٹ )پولیس کی منشیات فروشوں کے خلاف بڑی کارروائیاں، تھانہ ظفروال پولیس نے منشیات فروشوں اور سماج دشمن عناصر کے خلاف گھیرا تنگ کرتے ہوئے دو مختلف کارروائیوں میں بھاری مقدار میں چرس بر آمد کر لی جبکہ شراب کشید کرنے والی فعال بھٹی کو بھی رنگے ہاتھوں پکڑ کر ملزموں کو گرفتار کر لیا۔ پہلی کارروائی کے دوران پولیس نے نالہ ڈیک کے قریب دورانِ گشت مشکوک شخص محمد عالم عرف حسینی کو گرفتار کیا، جس کے قبضے سے 1280 گرام چرس بر آمد ہوئی۔ ملزم کے خلاف نارکوٹکس ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا۔دوسری کارروائی میں خفیہ اطلاع پر پنڈی چنیانی میں چھاپہ مار کر شراب کشید کرنے والی بھٹی پکڑی گئی، جہاں سے ملزم محمد ارشد کو گرفتار کر کے بھاری مقدار میں تیار شدہ دیسی شراب، لہن، گیس سلنڈر، چولہا اور دیگر سامان بر آمد کر لیا گیا۔ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔