شادی ، خواتین کو ہراساں ، شہری کو زخمی کرنیوالے 2ملزم گرفتار

لاہور(کرائم رپورٹر)غازی آباد میں شادی کی تقریب کے دوران خواتین کو ہراساں کرنے اور غلام صابر کو لوہے کے راڈ سے زخمی کرنے کے واقعے پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔تفصیلات کے مطابق ایس پی کینٹ اخلاق اللہ تارڑ کی ہدایت پر ایس ایچ او غازی آباد افتخار عالم نے بروقت ایکشن لیتے ہوئے ملزمان ساجد اور عذیر کو گرفتار کر کے حوالات میں بند کر دیا۔ زخمی غلام صابر کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔پولیس کے مطابق متاثرہ کے بیٹے حیدر علی کی مدعیت میں ساجد، عذیر، دیگر نامزد ملزمان اور تین نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا جا رہا ہے۔ ایس ایچ او افتخار عالم نے بتایا کہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے کر مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ایس ایچ او غازی آباد کا کہنا ہے کہ خواتین کو ہراساں کرنے اور تشدد میں ملوث افراد کسی رعایت کے مستحق نہیں، جبکہ ایس پی کینٹ اخلاق اللہ تارڑ نے واضح کیا کہ قانون ہاتھ میں لینے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا