دو ملزمان لاہور، ایک فیصل آباد سے گرفتار، موبائل فونز سے نجی ڈیٹا برآمد
لاہور (کرائم رپورٹر) نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) ملتان سرکل نے خواتین کو سوشل میڈیا کے ذریعے ہراساں، بلیک میل اور بدنام کرنے کے مختلف واقعات میں تین ملزمان کو گرفتار کرلیا، جن میں سے دو کو لاہور جبکہ ایک کو فیصل آباد سے حراست میں لیا گیا۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر این سی سی آئی اے لاہور زون عاطف امیر کی ہدایات پر کی جانے والی کارروائیوں کی تفصیلات کے مطابق ملتان کینٹ کی رہائشی خاتون کو شادی کا جھانسہ دے کر اس کی نجی تصاویر اور ویڈیوز حاصل کرنے، اس کے اسنیپ چیٹ اکائونٹ تک غیر قانونی رسائی حاصل کرنے اور بعدازاں رقم کا مطالبہ کرکے بلیک میل کرنے والے ملزم کو لاہور کے علاقے انجینئرنگ ٹائون سے گرفتار کیا گیا۔ ملزم نے خاتون کے نام سے جعلی ٹک ٹاک اکائونٹ بنا کر اس کی تصاویر بھی شیئر کی تھیں۔ ملزم کے قبضے سے برآمد ہونے والے موبائل فون میں متاثرہ خاتون کا نجی ڈیٹا بھی موجود تھا۔ گرفتار ملزم کا تعلق ضلع پاکپتن کی تحصیل عارف والا سے ہے۔ دوسری کارروائی میں ملتان کی رہائشی خاتون کی تصاویر اور ویڈیوز اس کی اجازت کے بغیر مختلف جعلی چینلز کے ذریعے شیئر کرکے اس کی ساکھ متاثر کرنے والے ملزم کو لاہور سے گرفتار کیا گیا۔ اس کے قبضے سے انفینکس اسمارٹ 8 موبائل فون برآمد ہوا، جس میں متاثرہ خاتون کی تصاویر اور ویڈیوز محفوظ تھیں۔ اسی طرح وہاڑی کی رہائشی خاتون کو واٹس ایپ کے ذریعے بلیک میل کرنے اور اس کی نجی تصاویر سوشل میڈیا پر جاری کرنے کی دھمکیاں دینے والے ملزم کو فیصل آباد ٹول پلازہ کے قریب سے گرفتار کیا گیا۔ ملزم کے قبضے سے اوپو ایف 19 موبائل فون برآمد ہوا، جس میں بلیک میلنگ کے لیے استعمال ہونے والے واٹس ایپ اکائونٹس اور متعلقہ شواہد موجود تھے۔ این سی سی آئی اے نے تینوں ملزمان کے موبائل فون قبضے میں لے کر مزید قانونی کارروائی اور تفتیش شروع کردی ہے۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر این سی سی آئی اے لاہور زون عاطف امیر نے کہا کہ خواتین کو آن لائن ہراسانی اور بلیک میلنگ سے تحفظ فراہم کرنے کے لیے موثر اقدامات جاری ہیں اور ایسے جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔