5 ہزار 500 لٹر پائوڈر و کیمیکلز سے تیارملاوٹی دودھ تلف

فوڈ اتھارٹی کاآپریشن ، 640 کلو بیمار مرغیاں، گوشت بھی تلف ،اڑھائی لاکھ جرمانہ
لاہور(کرائم رپورٹر)ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید نے فوڈ سیفٹی ٹیموں کے ہمراہ شہر بھر میں کریک ڈائون کرتے ہوئے دودھ اور گوشت کی بڑی مقدار کامعائنہ کیا۔ مختلف علاقوں میں کارروائی کے دوران 90 ہزار لٹر دودھ اور 75 ہزار کلو گوشت کا معائنہ کیا گیا۔ گجومتہ، ٹھوکر نیاز بیگ اور اڈا پلاٹ سے لاہور سپلائی ہونیوالے دودھ کی جانچ کے دوران 5 ہزار 500 لٹر پائوڈر اور کیمیکلز سے تیار کردہ ملاوٹی دودھ سمیت 640 کلو بیمار ، کم وزن مرغیوں اور گوشت کو بھی تلف کردیا گیا، مرغیاں نزلہ ودیگر متعدی امراض میں مبتلا پائی گئیں۔کارروائی کے دوران 25 میٹ شاپس اور ملک سپلائرز کو قوانین کی خلاف ورزی پر مجموعی طور پر 2 لاکھ 50 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے بتایا کہ ویٹرنری اسپیشلسٹس نے برآمد شدہ بیمار مرغیوں کا تفصیلی معائنہ کیا اور ذمہ دار عناصر کیخلاف سخت قانونی کارروائی کی گئی۔ فوڈ اتھارٹی کی ٹیمیں تین شفٹوں میں شہر بھر میں اشیائے خورونوش کی مسلسل چیکنگ سیشہریوں کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے سرگرم ہیں۔