صوبہ بھر میں ملاوٹ ثابت ہونے پر پانی، پا ئوڈر اور ویجیٹیبل گھی ملا دودھ موقع پر تلف کر دیا گیا
یکم اگست سے اب تک 13 لاکھ 4 ہزار 676 لٹر دودھ تلف، 545 مقدمات درج، فوڈ اتھارٹی
لاہور (کرائم رپورٹر) پنجاب فوڈ اتھارٹی کی جانب سے جعلی دودھ بنانے اور سپلائی کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالیرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں جاری ہیں۔ ترجمان کے مطابق صوبہ بھر میں مجموعی طور پر 8 لاکھ 50 ہزار 826 لٹر دودھ کی چیکنگ کی گئی، جن میں سے 15 ہزار 868 لٹر ملاوٹی اور ناقص دودھ تلف کر دیا گیا۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے مطابق جعلی دودھ میں پانی، دودھ پا ئوڈر اور ویجیٹیبل گھی کی ملاوٹ پائی گئی، جبکہ موقع پر کیے گئے ٹیسٹ فیل ہونے پر دودھ فوری طور پر تلف کر دیا گیا۔اعداد و شمار کے مطابق یکم اگست سے اب تک 13 لاکھ 4 ہزار 676 لٹر جعلی دودھ تلف کیا جا چکا ہے جبکہ 545 مقدمات درج کروائے گئے ہیں۔ فوڈ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ملاوٹی دودھ سپلائی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جا رہی ہے تاکہ عوام کو محفوظ اور خالص دودھ فراہم کیا جا سکے۔ترجمان فوڈ اتھارٹی کے مطابق جعلی دودھ تلفی کی شرح میں کمی ان کی مسلسل کارروائیوں اور سخت چیکنگ کے باعث ممکن ہوئی ہے۔ ادارہ عوام کی صحت کے تحفظ کیلئے اپنی کارروائیاں بلاتعطل جاری رکھے گا۔