نشئی کا گردن زخمی کرکے ڈور پھرنے کا واویلا

موٹرسائیکل سوار اویس نوکری پر جانے کیلئے نکلا تھا، مبینہ طور پرڈور پھرنے سے گلا زخمی :ریسکیو حکام
 بیوی سے جھگڑا ہوا تھا ، مذکورہ شخص نشئی،خود کٹر سے گردن پر وار کیا،متضاد بیانات دے رہا :پولیس 
لاہور(کرائم رپورٹر) نشئی کا گردن زخمی کرکے ڈور پھرنے کا واویلا،گرین ٹائون کے علاقے میں مبینہ طور پر پتنگ کی ڈور پھرنے سے 22سالہ نوجوان زخمی ہو گیا۔ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ موٹرسائیکل سواراویس نوکری پر جانے کیلئے گھر سے نکل رہا تھا کہ اچانک پتنگ کی ڈور اس کے گلے میں پھر گئی،جس سے اس کا گلا شدید متاثر ہوگیا، ریسکیو ٹیم نے موقع پر پہنچ کر زخمی نوجوان کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور بعد ازاں جناح ہسپتال منتقل کر دیا جہاں سرجیکل وارڈ میں اسیطبی امداد دی گئی۔اس واقعہ پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کر لی ۔تاہم دوسری طرف ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کا کہنا ہے کہ گرین ٹائون میں ڈور سے نوجوان کے زخمی ہونے کی خبر حقائق کے منافی ہے ،نوجوان ڈور پھرنے سے زخمی نہیں ہوا، مذکورہ شخص نشے کا عادی ہے اوراس کے جسم پر تیز دھار آلے کے پرانے زخموں کے نشانات بھی موجود ہیں، زخمی شخص حادثہ کے حوالے سے متضاد بیانات دے رہا ہے،جائے وقوعہ سے پتنگ کی ڈور برآمد نہیں ہوئی ۔اویس نے تھانے میں بیان ریکارڈ کروایا ہے کہ میری بیوی سے جھگڑا ہوا تھا،جسکے بعد میں نے کٹر سے اپنی گردن پر وار کیا اور وہ کٹر بعد میں نالے میں پھینک دیا۔