انگلینڈ کرکٹ ٹیم کو ایشیز سیریز میں ایک اور بڑا دھچکا لگ گیا ہے، جہاں فاسٹ بولر گس ایٹکنسن انجری کے باعث سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔
انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کے مطابق گس ایٹکنسن بائیں ہیم اسٹرنگ انجری کا شکار ہوئے۔ وہ ایم سی جی میں آسٹریلیا کے خلاف چوتھے ٹیسٹ کی دوسری اننگز کے دوران پانچواں اوور مکمل کرنے کے بعد میدان چھوڑ کر چلے گئے تھے۔واضح رہے کہ انگلینڈ نے ایم سی جی میں کھیلے گئے ایشیز سیریز کے چوتھے ٹیسٹ میں کامیابی حاصل کی تھی۔
ای سی بی کا کہنا ہے کہ انگلینڈ ٹیم پانچویں ٹیسٹ کے لیے گس ایٹکنسن کے متبادل کے طور پر کسی کھلاڑی کو طلب نہیں کرے گی۔ ایشیز سیریز کا پانچواں اور آخری ٹیسٹ 4 جنوری سے سڈنی میں شروع ہوگا۔پانچ ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز میں اس وقت آسٹریلیا کو 3-1 کی برتری حاصل ہے۔ گس ایٹکنسن سے قبل فاسٹ بولرز مارک ووڈ اور جوفرا آرچر بھی انجری کے باعث ایشیز سیریز سے باہر ہو چکے ہیں۔