انگلینڈ کو جھٹکا، اسٹوکس اور ایٹکنسن کے بعد اولی رابنسن بھی دوسرے ٹیسٹ سے باہر

انگلینڈ کو جھٹکا، اسٹوکس اور ایٹکنسن کے بعد اولی رابنسن بھی دوسرے ٹیسٹ سے باہر

لندن: نیوزی لینڈ کے خلاف جاری ٹیسٹ سیریز میں انگلینڈ کرکٹ ٹیم کو ایک اور بڑا دھچکا لگ گیا ہے، فاسٹ بولر اولی رابنسن انجری کے باعث دوسرے ٹیسٹ سے باہر ہو گئے ہیں۔

برطانوی میڈیا کے مطابق 32 سالہ فاسٹ بولر کو ٹریننگ سیشن کے بعد دائیں گھٹنے میں تکلیف محسوس ہوئی، جس کے بعد ان کا اسکین کرایا گیا۔ میڈیکل رپورٹس کے بعد انہیں احتیاطی طور پر سیریز کے دوسرے ٹیسٹ سے باہر رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔اولی رابنسن نے پہلے ٹیسٹ میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے انگلینڈ کی 115 رنز سے فتح میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے اس میچ میں انہوں نے مجموعی طور پر 7 وکٹیں حاصل کیں، جن میں پہلی اننگز میں 5 وکٹیں بھی شامل تھیں۔

ان کی جگہ اسکواڈ میں ہینری کروکومب کو شامل کر لیا گیا ہے۔ سیریز کا دوسرا ٹیسٹ بدھ سے دی اوول میں شروع ہوگا۔انگلینڈ ٹیم پہلے ہی کپتان بین اسٹوکس اور فاسٹ بولر گس ایٹکنسن کی عدم دستیابی کا سامنا کر رہی ہے، جو ایک علیحدہ معاملے کی انکوائری کے باعث ٹیم سے باہر ہیں۔ اس صورتحال نے ٹیم کی بولنگ لائن اپ کو مزید کمزور کر دیا ہے۔