راولپنڈی: سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوران پاکستان کرکٹ ٹیم کو بڑا دھچکا لگا ہے، قومی ٹیم کے اہم فاسٹ بولر ثاقب خان بائیں ٹانگ کی ہیمسٹرنگ میں تناؤ کے باعث مزید بولنگ سے باہر ہوگئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں جاری ٹیسٹ میچ کی سری لنکا کی دوسری اننگز کے دوران ثاقب خان انجری کا شکار ہوئے۔ انہوں نے اپنے دوسرے اوور میں سری لنکن بیٹر لاہیرو اُدَارا کو آؤٹ کیا، جس کے بعد انہیں بائیں ہیمسٹرنگ میں تکلیف محسوس ہوئی اور وہ میدان سے باہر چلے گئے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق ثاقب خان کی انجری کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور وہ اس وقت ٹیم کے طبی عملے کی نگرانی میں زیرِ علاج ہیں۔ بائیں ہیمسٹرنگ میں تناؤ کے باعث وہ راولپنڈی ٹیسٹ میں مزید بولنگ نہیں کر سکیں گے۔ثاقب خان نے اپنے ڈیبیو ٹیسٹ میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مجموعی طور پر 7 وکٹیں حاصل کی تھیں، جبکہ جاری ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں بھی انہوں نے ایک وکٹ اپنے نام کی تھی۔