مبینہ پولیس مقابلہ، ریکارڈ یافتہ زخمی ملزم گرفتار

فائرنگ تبادلے میں اپنے ساتھیوں کی گولی سے ملزم دتو نوریکا زخمی ہوا:پولیس 
 اوکاڑہ (خصوصی رپورٹ)اوکاڑہ کے تھانہ راوی پولیس کیساتھ مبینہ مقابلے میں ڈکیتی مقدمات میں پولیس کو مطلوب ریکارڈ یافتہ ملزم آدتہ عرف دتو نوریکا زخمی حالت میں گرفتار  کرلیا گیا، جبکہ اس کے 2 ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے جن کی تلاش جاری ہے۔پولیس ترجمان عرفان سندھو جٹ کے مطابق تین نامعلوم ڈاکو ناکا لگا کر شہریوں کو لوٹ رہے تھے کہ پولیس موقع پر پہنچ گئی۔ پولیس اور ڈاکوئوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ دوران فائرنگ ڈاکو آدتہ عرف دتو نوریکا اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی ہوگیا، جسے پولیس نے زخمی حالت میں گرفتار کرکے ہسپتال منتقل کردیا۔پولیس کے مطابق گرفتار ملزم ریکارڈ یافتہ اور پولیس کو متعدد مقدمات میں مطلوب تھا۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اوکاڑہ نے فرار ملزموں کی جلد گرفتاری کی ہدایت کی ہے۔