لیوی ٹیکس اور مہنگائی کے خلاف جماعت اسلامی کا احتجاجی دھرنا 17ویں روز بھی جاری

لیوی ٹیکس اور مہنگائی کے خلاف جماعت اسلامی کا احتجاجی دھرنا 17ویں روز بھی جاری

پٹرولیم مصنوعات پر لیوی ٹیکس اور بڑھتی ہوئی مہنگائی کے خلاف جماعت اسلامی کا احتجاجی دھرنا 17ویں روز بھی جاری ہے، جس کے سبب شہر بھر میں ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی ہے۔

 دھرنے کے سبب فیصل چوک سے ریگل چوک تک مال روڈ مکمل طور پر بند ہے، جس سے شہریوں، تاجروں اور دیگر کاروباری افراد کو آمدورفت میں سخت مشکلات کا سامنا ہے۔احتجاجی مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ پٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی ٹیکس فوری طور پر واپس لیا جائے اور مہنگائی کے خاتمے کے لیے حکومت اقدامات کرے۔ جماعت اسلامی کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ جب تک یہ مطالبات پورے نہیں ہوتے، احتجاج جاری رکھا جائے گا۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر مہنگائی کے خاتمے اور ٹیکس واپس لینے کے اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

دھرنے کے باعث مال روڈ اور ملحقہ شاہراہوں پر ٹریفک کا دباؤ بڑھ گیا ہے، جس کے سبب شہریوں اور ٹرانسپورٹرز کو متبادل راستے اختیار کرنے پڑ رہے ہیں۔ شہر کی سڑکوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہونے سے عوام کو روزمرہ زندگی میں مشکلات کا سامنا ہے۔ انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے ٹریفک کو متبادل راستوں کی طرف موڑنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ شہریوں کی مشکلات میں کمی لائی جا سکے۔