پٹرولیم لیوی کے معاملے پر حکومت کا جماعت اسلامی سے مزید وقت دینے کا مطالبہ

پٹرولیم لیوی کے معاملے پر حکومت کا جماعت اسلامی سے مزید وقت دینے کا مطالبہ

پٹرولیم لیوی کے خاتمے کے مطالبے پر حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان مذاکرات کا سلسلہ جاری ہے، تاہم اس معاملے پر حتمی فیصلے کے لیے مزید وقت درکار ہے۔

 نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے جماعت اسلامی کے نائب امیر لیاقت بلوچ سے ٹیلی فونک رابطہ کرکے حکومت کی جانب سے مزید مہلت طلب کرلی ہے۔ذرائع کے مطابق دونوں وفاقی وزرا نے لیاقت بلوچ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ایک غیر ملکی وفد کی پاکستان آمد کے باعث حکومت فوری طور پر پٹرولیم لیوی کے معاملے پر حتمی پیش رفت نہیں کر سکتی۔ انہوں نے جماعت اسلامی کی قیادت سے درخواست کی کہ حکومت کو اس معاملے پر مشاورت اور فیصلہ سازی کے لیے کچھ مزید وقت دیا جائے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ لیاقت بلوچ نے حکومتی وزرا کی درخواست سے جماعت اسلامی کی اعلیٰ قیادت کو آگاہ کیا، جس کے بعد پارٹی قیادت نے حکومتی درخواست قبول کرتے ہوئے حکومت کو مزید مہلت دینے پر اتفاق کرلیا۔

دوسری جانب جماعت اسلامی نے پٹرولیم لیوی کے خاتمے سے متعلق اپنا حتمی مسودہ حکومتی حکام کے حوالے کر دیا ہے۔ اس مسودے میں جماعت اسلامی کا مؤقف اور مطالبات شامل ہیں، جبکہ اب اس معاملے پر آئندہ فیصلہ حکومت نے کرنا ہے۔ذرائع کے مطابق حکومت کی جانب سے حتمی فیصلے اور مؤقف سامنے آنے کے بعد جماعت اسلامی اپنی آئندہ حکمت عملی کا اعلان کرے گی۔ جماعت اسلامی اس معاملے پر حکومتی فیصلے کو سامنے رکھتے ہوئے اپنے اگلے لائحہ عمل کا تعین کرے گی۔