اسلام آباد/ کوئٹہ(آن لائن) سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق کی چیئرپرسن سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے پمزہسپتال میں آتشزدگی کے افسوسناک واقعے کے نتیجے میں نومولود بچوں کی قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ صرف چند معصوم جانوں کا ضیاع نہیں بلکہ ان والدین کے خوابوں، امیدوں اور خوشیوں کا اجڑ جانا ہے جن کے لیے ان کے ننھے فرشتے زندگی کی سب سے بڑی خوشی تھے۔ انہوں نے کہا کہ نومولود بچے والدین کی امید، گھر کی خوشی اور مستقبل کا روشن چراغ ہوتے ہیں۔ ان معصوم جانوں کا یوں چلے جانا ایک ایسا سانحہ ہے جس کا دکھ الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا۔