انسانی جانوں اور املاک کا تحفظ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے وزیراعلی سندھ

ہنگامی ردعمل کے نظام میں  کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی،ہنگامی خدمات کی جدید کاری کیلئے 30.8 ارب   کے بڑے منصوبے کی منظوری 
کراچی(آئی این پی )وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ  انسانی جانوں اور املاک کا تحفظ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے اور ہنگامی ردعمل کے نظام میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی،انہوں نے ہائی رسک عمارتوں میں فوری اصلاحی اقدامات یقینی بنانے اور تمام ایمرجنسی اداروں کو ایک متحد اور خودمختار اتھارٹی کے تحت لانے کی ہدایت دی ہے۔وزیراعلی سندھ  مراد علی شاہ کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبے میں ہنگامی خدمات کے نظام کو مزید مثر اور جامع بنانے کے اقدامات پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں چیف سیکرٹری آصف حیدر شاہ، صوبائی وزرا شرجیل انعام میمن، ناصر حسین شاہ، ضیا الحسن لنجار، گیان چند اسرانی اور میئر کراچی مرتضی وہاب سمیت دیگر اعلی حکام نے شرکت کی۔  اجلاس میں ہنگامی خدمات کی جدید کاری کے لیے 30.8 ارب روپے کے بڑے منصوبے کی منظوری دی گئی، جس میں ریسکیو 1122 کا انضمام، جدید فائرفائٹنگ آلات کی خریداری، نئی فائر اسٹیشنز کا قیام، 100 فائر ٹرکس، اسنارکلز، ایریل سیڑھیاں، ڈرونز، فائربائیکس اور آل ٹیرین گاڑیاں شامل ہیں۔