نوجوان مضبوط ہوں گے تو پاکستان مستحکم ہوگا:سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری

نوجوان پاکستان کا مستقبل ہی نہیں، سب سے بڑی طاقت ہیں،  بااختیار بنانا قومی ذمہ داری ہے
 دورِ حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ قومی یوتھ پالیسی وقت کی اہم ضرورت ہے: وفد سے گفتگو 
اسلام آباد/کو ئٹہ (آ ئی این پی) سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے عالمی یومِ نوجوانان 2026ء کے موقع پر اپنے نوجوانوں کے ایک وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے  پاکستان کی نوجوان نسل ملک کا سب سے قیمتی سرمایہ، سب سے بڑی امید اور روشن مستقبل کی ضامن ہے۔ نوجوانوں کو بااختیار بنائے بغیر ترقی یافتہ، مضبوط اور خوشحال پاکستان کا خواب مکمل نہیں ہو سکتا، اس لیے وقت کا تقاضا ہے کہ نوجوانوں کو محض مستقبل کے وارث سمجھنے کے بجائے آج ہی قومی ترقی کے عمل میں مؤثر شراکت دار بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی نوجوان کسی سے کم نہیں، انہیں صرف مواقع، درست سمت اور اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔ ہمارے نوجوان تعلیم، سائنس و ٹیکنالوجی، کھیل، ادب، فنون، کاروبار، صحافت، سفارت کاری اور دیگر شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ریاست اور معاشرہ نوجوانوں کی صلاحیتوں پر اعتماد کرے اور انہیں آگے بڑھنے کے مساوی مواقع فراہم کرے۔