بحری شعبے میں 6 سے9 ارب ڈالرز سرمایہ کاری کی راہ ہموار ہوگئی وفاقی وزیر

ہمارا مقصدصرف جی ڈی پی میں حصہ بڑھانا نہیں بلکہ میری ٹائم سیکٹر کو زرمبادلہ، صنعتی ترقی اور روزگار کا بڑا ذریعہ بنانا ہے،جنید انوار چودھری 
کراچی(آئی این پی ) پاکستانی معیشت کیلئے بڑی خوشخبری، بحری شعبے میں 6 سے9 ارب ڈالرز کی بڑی سرمایہ کاری کی راہموار ہوگئی، خلیجی خطے میں بدلتی شپنگ سرگرمیوں کے باعث پاکستان عالمی سرمایہ کاروں کی توجہ کا مرکز بن گیا۔وفاقی وزیر برائے بحری امور جنید انوار چودھری  نے کہا ہے کہ  پاکستان کو بحری شعبے کے بڑے منصوبوں کیلئے 6 سے 9 ارب ڈالرز مالیت کی سرمایہ کاری تجاویز موصول ہوئی ہیں، سرمایہ کاری منصوبوں میں کارگو ٹرمینلز، ایل این جی، آئل اور کنٹینر ٹرمینلز کی تعمیر شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ جغرافیائی اہمیت کے باعث پاکستان کو عارضی متبادل نہیں بلکہ مستقل علاقائی میری ٹائم ہب بنائیں گے، پاکستان نے گزشتہ مالی سال بحری شعبے میں اپنی جغرافیائی اہمیت کے باعث تقریبا 39.6 کروڑ ڈالر کا منافع حاصل کیا۔اپنے بیان یمں جنید انوار چودھری کا کہنا تھا کہ نیشنل پورٹس ماسٹر پلان کے تحت بنکرنگ سہولیات، آف ڈاک ٹرمینلز اور اضافی ٹرانس شپمنٹ صلاحیت تیار کی جا رہی ہے، ہمارا مقصد صرف جی ڈی پی میں حصہ بڑھانا نہیں بلکہ میری ٹائم سیکٹر کو زرمبادلہ، صنعتی ترقی اور روزگار کا بڑا ذریعہ بنانا ہے