بالائی و وسطی پنجاب میں اگلے چند گھنٹوں میں موسلادھار بارشوں کا امکان

بالائی و وسطی پنجاب میں اگلے چند گھنٹوں میں موسلادھار بارشوں کا امکان

محکمہ موسمیات نے وسطی اور بالائی پنجاب کے مختلف علاقوں میں شدید سے انتہائی شدید بارش کی پیش گوئی کی ہے۔

موجودہ بارش برسانے والا سسٹم اس وقت لاہور، شیخوپورہ، فیصل آباد اور گرد و نواح میں سرگرم ہے۔اگلے دو سے چار گھنٹوں میں نارووال، سیالکوٹ، گجرانوالہ، گجرات، حافظ آباد، منڈی بہاالدین، اوکاڑہ، ساہیوال، پاکپتن، قصور، چنیوٹ، جھنگ، سرگودھا، خوشاب، میانوالی اور قریبی اضلاع میں بارش متوقع ہے، جو شدید ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ ہو سکتی ہے۔محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ کچھ علاقوں میں انتہائی شدید بارش ہو سکتی ہے، جس سے شہری علاقوں میں سیلاب، پانی کی نکاسی میں رکاوٹیں اور دیگر مسائل پیدا ہونے کا خطرہ ہے۔

پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے تمام ڈپٹی کمشنرز اور ضلعی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز (DDMAs) کو ہدایت کی ہے کہ وہ الرٹ رہیں اور کسی بھی نقصان یا حادثے کی صورت میں فوری طور پر صوبائی ایمرجنسی آپریشن سینٹر (PEOC) کو رپورٹ کریں۔پی ڈی ایم اے نے مزید کہا کہ متعلقہ ادارے ریسکیو ٹیمیں، امدادی سامان، کچن سیٹ، جنریٹرز اور دیگر ضروری وسائل تیار رکھیں تاکہ کسی ہنگامی صورتحال میں فوری کارروائی کی جا سکے۔