اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت دریائے سندھ اور کابل کے بالائی علاقوں میں اگلے 24 گھنٹوں کے دوران بارش کا امکان ہے۔
این ڈی ایم اے (نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی) کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (NEOC) نے دریاؤں میں پانی کے بہاؤ اور مختلف علاقوں میں ممکنہ سیلابی صورتحال کے حوالے سے تفصیلات جاری کر دی ہیں۔
دریاؤں کی موجودہ صورتحال:
کوٹری بیراج پر تقریباً 4 لاکھ کیوسک کے بہاؤ کے ساتھ درمیانے درجے کا سیلاب ہے، اور توقع ہے کہ ستمبر کے آخر تک یہ صورتحال برقرار رہے گی۔گڈو اور سکھر بیراج پر بہاؤ میں بتدریج کمی ہو رہی ہے، تاہم معمول کے مطابق پانی کا بہاؤ برقرار رہے گا۔دریائے راوی میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پر پانی کے بہاؤ میں کمی کا رجحان ہے۔سلیمانکی اور اسلام بیراج پر نچلے درجے کا سیلاب برقرار ہے۔
خطرات اور ہدایات:
دریاؤں میں موجودہ بہاؤ کے باعث متعدد مقامات پر نشیبی علاقے زیرِ آب آنے کا خطرہ ہے۔این ڈی ایم اے کے مطابق:تمام صورتحال کی ہمہ وقت نگرانی جاری ہے۔متعلقہ اداروں کو ضروری ہدایات پہنچائی جا رہی ہیں۔عوام کو خطرے سے دوچار علاقوں میں سفر سے گریز کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔سیلابی ریلوں کو کراس نہ کریں۔امدادی کیمپوں میں موجود افراد کو اپنے علاقوں میں واپسی کے لیے متعلقہ اداروں کی ہدایات کا انتظار کرنا چاہیے۔