محکمہ موسمیات نے سندھ کے وسطی اور بالائی علاقوں کے لیے شدید ہیٹ ویو الرٹ جاری کر دیا ہے، جس کے مطابق 7 مئی سے 11 مئی تک دادو، جیکب آباد، لاڑکانہ، سکھر، گھوٹکی، خیرپور اور نوشہرو فیروز سمیت کئی اضلاع شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے۔
بعض مقامات پر درجہ حرارت 47 سے 49 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق یہ درجہ حرارت معمول سے 4 سے 7 ڈگری زیادہ ہو سکتا ہے، جس کے باعث دن کے اوقات میں موسم انتہائی خطرناک حد تک گرم محسوس ہوگا۔ عوام خصوصاً بچوں، خواتین اور بزرگ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بلا ضرورت دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں اور پانی کا زیادہ استعمال یقینی بنائیں۔کسانوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ گندم کی کٹائی اور دیگر زرعی سرگرمیوں کو موسمی حالات کے مطابق ترتیب دیں، جبکہ مال مویشی پالنے والے افراد جانوروں کے لیے سایہ، ٹھنڈک اور پانی کا مناسب انتظام رکھیں۔
دوسری جانب کراچی میں سمندری ہوائیں بحال رہنے کے باوجود موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ تین روز کے دوران شہر کا درجہ حرارت 35 سے 38 ڈگری کے درمیان رہنے کا امکان ہے، تاہم ہوا میں نمی کا تناسب 55 سے 85 فیصد تک ہونے کے باعث گرمی کی شدت زیادہ محسوس کی جائے گی۔ماہرین نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ دھوپ میں باہر نکلتے وقت سر ڈھانپیں، او آر ایس اور پانی کا استعمال بڑھائیں اور ہیٹ اسٹروک کی علامات ظاہر ہونے پر فوری طبی امداد حاصل کریں۔