ویب ڈیسک: بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی ہدایت پر پارٹی رہنماؤں نے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹیوں سے استعفے دینا شروع کر دیے ہیں۔
پی ٹی آئی کے رہنما علی محمد خان نے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق اور قائمہ کمیٹی برائے پارلیمانی امور سے استعفیٰ دیا اور اسپیکر آفس میں اپنا استعفیٰ جمع کرا دیا۔اسی طرح رکن قومی اسمبلی عادل بازئی نے بھی تمام قائمہ کمیٹیوں کی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ وہ کمیٹی برائے تخفیف غربت اور اوورسیز پاکستانی اینڈ ہیومن ڈویلپمنٹ کے ساتھ ساتھ انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کمیونیکیشن کمیٹی کے رکن تھے۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ عمران خان کے احکامات پر مستعفی ہو رہے ہیں۔چند روز قبل عمران خان سے جیل میں ملاقات کے بعد ان کی ہمشیرہ علیمہ خانم نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے پارٹی کو قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹیوں سے مستعفی ہونے کی ہدایت کی ہے۔
علیمہ خانم نے مزید کہا کہ بشریٰ بی بی کو قیدِ تنہائی میں رکھا گیا ہے جبکہ ملاقات کے دوران عمران خان نے یہ بھی دریافت کیا کہ کہیں ان کے بھانجوں کو بھی جیل میں تو نہیں ڈالا گیا۔ ان کے مطابق 4 ماہ بعد بہنوں کو بھائی سے ملاقات کرائی گئی، عمران خان کی صحت اچھی ہے تاہم آنکھ پر کچھ دباؤ محسوس کر رہے ہیں۔ علیمہ خانم نے کہا کہ جیل میں ان کی آنکھ کے معائنے کے لیے عدالت سے رجوع کیا جائے گا۔