پاکستان تحریک انصاف کے 17 سینیٹرز نے ایوان بالا کی قائمہ کمیٹیوں کی رکنیت سے اجتماعی استعفیٰ دے دیا ہے۔
سینیٹر علی ظفر نے استعفوں کی جانچ پڑتال مکمل کی اور تحریک انصاف کی جانب سے تمام استعفے سینیٹ سیکرٹریٹ میں جمع کرا دیے۔سینیٹر علی ظفر کے مطابق، کمیٹیوں کے اجلاس ان کے بغیر بھی چل سکتے ہیں، تاہم احتجاجاً وہ کمیٹیوں سے مستعفی ہو رہے ہیں۔ اس سلسلے میں حال ہی میں سینیٹر اعظم خان سواتی، سینیٹر علی ظفر، سینیٹر دوست محمد اور سینیٹر ذیشان خانزادہ نے قائمہ کمیٹیوں سے استعفیٰ دیا۔
اعظم سواتی نے پارٹی کی ہدایت پر سینیٹ کی پانچ قائمہ کمیٹیوں سے استعفیٰ دیا اور کہا کہ یہ اقدام موجودہ پارلیمانی نظام کے خلاف احتجاج کے طور پر کیا گیا ہے۔سینیٹر علی ظفر نے اطلاعات و نشریات کمیٹی کی چیئرمین شپ سے استعفیٰ دیا۔ جبکہ قائمہ کمیٹی برائے اوورسیز پاکستانیز کے چیئرمین ذیشان خانزادہ نے خارجہ امور، خزانہ، تجارت اور نجکاری کی کمیٹیوں سے بھی استعفیٰ دیا۔